آئی ایس او گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام پاراچنار میں دہشتگردی کیخلاف ایک درجن سے زائد مقامات پر مظاہرے

229.jpg

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کی جانب سے پاراچنار میں مسافروں کو نشانہ بنانے والی بزدلانہ کارروائیوں، فرقہ وارانہ تشدد اور حکومتی نااہلی اور خاموشی کی مذمت کے لئے پورے گلگت میں 15 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ گلگت مرکزی جامع مسجد کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجات سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاراچنار میں آئے روز کوئی انسانیت سوز واقعہ رونماء ہوتا ہے جس میں دشمن ہمیشہ تعاقب کرکے شیعہِ شناخت پر نہتے جوانوں، بزرگوں اور خواتین تک کو نشانہ بنایا جاتا ہے، مگر افسوس قانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات میں ملوث دہشتگرد عناصر کے آگے بے بس تماشائی دکھائی دیتے ہیں۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ امامیہ طلباء کا خطے میں بڑھتی ہوئی اسپانسرڈ دہشتگردی کیخلاف موقف برقرار ہے اور گلگت بھر میں منعقدہ ان احتجاجات کا مقصد سیکیورٹی کے بہتر اقدامات کی فوری ضرورت اور پر امن شہریوں پر بارہا حملوں سے حفاظت کیلئے شعور اجاگر کرنا ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاراچنار اور گلگت میں حملوں کا سلسلہ فرقہ وارانہ نفرت کے ایک پریشان کن رجحان کی نشاندہی کر رہا ہے، ان فرقہ وارانہ دہشتگردی کے واقعات کے ذریعہ دشمن ہماری نگاہیں مسئلہ فلسطین سے ہٹانا چاہتا ہے، ہم مسئلہ فلسطین پر اپنے بنیادی نظریہ پر قائم ہیں اور مملکت کے موجودہ حکمرانوں کی دو ریاستی نظریہ کی پیشی کو رد کرتے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اس طرح کی پرتشدد کاروائیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور تمام شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کا مطالبہ کرتی ہے۔ آئی ایس او گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام گلگت، دنیور، جلال آباد، نگر، ہن،ہ سمیت ایک درجن سے زائد مقامات پر پارا چنار میں دہشتگردی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے