مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کا انتباہ: ایران اور یمن کے حملوں سے ہوشیار رہیں
فلسطین پر قابض علاقوں میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے مغربی ایشیا میں کشیدگی بڑھنے کے امکان سے آگاہ کیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے نے ایک سکیورٹی انتباہ جاری کرتے ہوئے فلسطین پر قابض علاقوں اور مغربی ایشیا میں موجود امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی چوکسی بڑھا دیں۔
سفارت خانے نے اس کی وجہ انصار اللہ یمن کی جانب سے حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے اور خطے میں اعلیٰ امریکی سرکاری عہدیداروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کو قرار دیا ہے۔
اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران اس سے پہلے بحرین اور کویت میں امریکی اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے اور صورتِ حال تیزی سے کشیدہ ہو سکتی ہے۔
امریکی سفارت خانے نے فلسطین پر قابض علاقوں میں موجود اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے قریب ترین پناہ گاہوں کا پتا معلوم کریں اور خوراک، پانی اور ادویات ذخیرہ کر لیں۔
سفارت خانے نے پروازیں منسوخ ہونے اور فضائی حدود بند کیے جانے کے امکان کے بارے میں بھی خبردار کیا ہے اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ممکنہ حالات کے پیش نظر پہلے ہی متبادل سفری منصوبے تیار رکھیں۔
چند گھنٹے قبل بحرین میں امریکی سفارت خانے نے بھی ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحرین میں مقیم امریکی شہریوں کو یمنی فورسز کے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے اور خطے میں امریکی سرکاری عہدیداروں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کے باعث اضافی احتیاط اور چوکسی اختیار کرنی چاہیے۔



