اقوام متحدہ کا چارٹرنشانے پر: امریکا کے ایران پر حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کیوں ہیں؟
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ سید عباس عراقچی نے کیوڈو جاپان میں ایک مقالہ شائع کیا ہے جس کے اقتباسات پیش خدمت ہیں۔
انہوں نے اپنے مقابلے میں لکھا ہے : اگر دنیا کی حکومتوں کو یہ آزادی ہو کہ وہ مستقبل کے ممکنہ خطرات کے بارے میں اپنے جائزوں کی بنیاد پر ایک دوسرے پر حملہ کریں، تو بین الاقوامی قانونی نظام سے کیا باقی رہے گا؟ یہ سوال ایران اور امریکا کے درمیان سیاسی اختلاف سے بہت آگے ہے۔
یہ سوال اس بنیادی اصول سے متعلق ہے جس پر دوسری عالمی جنگ کے بعد تشکیل پانے والا بین الاقوامی نظام استوار ہے: طاقت کا استعمال قانون کے تابع ہے اور کسی بھی حکومت کو، چاہے وہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی رائے کو بین الاقوامی قانون کے لازمی قواعد پر مقدم رکھے۔
امریکا اور صہیونی حکومت کے ایران کے خلاف فوجی حملے طاقت کے استعمال کی ممانعت کے اصول کی واضح خلاف ورزی اور ایران کی خودمختاری کے خلاف جارحیت ہے۔ ان حملوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مستحکم اصولوں کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے، نہ کہ ان سیاسی دلائل اور بہانوں کی بنیاد پر جو فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد پیش کیے جائیں۔
اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کے استعمال پر واضح پابندیاں لگاتا ہے
اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2 کی شق 4 کسی بھی ملک کی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو ممنوع قرار دیتی ہے۔ یہ ممانعت محض ایک معاہداتی ذمہ داری نہیں، بلکہ بین الاقوامی عرفی قانون کا ایک بنیادی قاعدہ بھی ہے جیسا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے 1986 میں نکارگوا کے مقدمے کے فیصلے میں بھی اس پر زور دیا۔
بین الاقوامی قانون، طاقت کے استعمال کی اجازت صرف ان حالات میں دیتا ہے جو محدود اور واضح طور پر متعین ہیں، جن میں سے ایک چارٹر کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر قانونی دفاع کا حق ہے۔ امریکا کے ایران پر فوجی حملے کے لیے نہ سلامتی کونسل کی جانب سے کوئی اجازت تھی اور نہ ہی مستقبل کے ممکنہ خطرات سے متعلق دعوے بذات خود جائز دفاع کے حق کے استدلال کے لیے کافی قانونی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔
آرٹیکل 51 مسلح حملے کی صورت میں قانونی دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔ مستقبل کے کسی ممکنہ خطرے کو فوجی کارروائی کی بنیاد کے طور پر تسلیم کرنا حکومتوں کی یک طرفہ تشخیص کی بنیاد پر پیشگی جنگ کو تسلیم کرنے کے معنی میں ہوگا۔ ایسی تشریح طاقت کے استعمال کی ممانعت کے اصول کو شدید طور پر کمزور کر دیتی ہے اور ممکن ہے کہ اس صورت میں یہ پورا اصول ہی بے معنی ہو جائے۔
امریکی قانونی حلقوں میں بھی شکوک
امریکی حملے کی قانونی حیثیت پرامریکی قانونی حلقوں میں بھی سوالیہ نشان لگائے جا رہے ہیں ۔ امریکی سوسائٹی آف انٹرنیشنل لاء کے امریکی شعبے کے سربراہ نے 6 مارچ 2026 کو جاری ایک بیان میں ایران پر حملے کو غیر قانونی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں کیا ہو سکتا ہے، اس بارے میں قیاسی اور گمان اور ممکنہ خطرات، فوجی طاقت کے استعمال کا جواز نہیں بن سکتے اور ایسے اقدام کی غیر قانونی حیثیت پر زور دیا۔
شہری اہداف اور انسانی قانون کی خلاف ورزیاں
ایران کے اسکولوں، اسٹیڈیموں، شہری بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات پر حملے، جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی حفاظتی نظام کے تحت ہیں، قانونی سوالات بھی اٹھاتے ہیں۔ یہ حملے طاقت کے استعمال کی ممانعت کے علاوہ، بین الاقوامی انسانی قانون کے قواعد کے نقطہ نظر سے بھی جانچے جانے چاہئیں۔ مسلح تنازعے میں شامل فریق فوجی اہداف اور عام شہریوں کے درمیان فرق قائم رکھنے، غیر متناسب حملوں سے گریز کرنے اور عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی اقدامات کرنے کے پابند ہیں۔
فوجی جارحیت ، بین الاقوامی جواب دہی پر منتج ہوتی ہے
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314 کے تحت، جو جارحیت کی اصطلاح بیان کرتی ہے، ایک ملک کی مسلح افواج کا دوسرے ملک کی سرزمین پر حملہ اور کسی ملک کی بندرگاہوں یا ساحلوں کی ناکہ بندی جیسے اقدامات جارحیت کی مصداقوں میں شمار ہوتے ہيں ۔ طاقت کے استعمال کے لیے کسی بھی معتبر قانونی جواز کی عدم موجودگی میں، امریکا کا ایران پر فوجی حملہ ایک بین الاقوامی طور پر غیر قانونی فعل شمار ہوتا ہے جس کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔
ریاستوں کی ذمہ داری کے بین الاقوامی قانون کے مطابق، جب بھی کوئی طرز عمل کسی ریاست سے منسوب ہو اوروہ اس ریاست کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرے، تو وہ ریاست بین الاقوامی سطح پر جوابدہ ہوتی ہے۔ اس ذمہ داری کے واضح قانونی نتائج ہوتے ہیں: ریاست پابند ہے کہ اگر خلاف ورزی کرنے والا طرز عمل جاری ہے تو اسے ختم کرے؛ اس کی تکرار نہ ہونے کے بارے میں مناسب ضمانتیں اور یقین دہانیاں فراہم کرے اور نقصانات کی مکمل تلافی کرے۔ سیاسی یا سیکیورٹی تحفظات بذات خود امریکا کو اس کے اقدامات کے قانونی نتائج سے بری نہیں کر سکتے۔
ایران بھی اپنی طرف سے، مسلح حملے کے ردعمل میں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کی بنیاد پر اپنے دفاع کے قانونی حق کا حامل ہے۔ ایران بین الاقوامی قانون میں مقرر کردہ شرائط اور پابندیوں کی پاسداری کرتے ہوئے اس حق کا استعمال کر سکتا ہے۔
معاملہ ایران سے آگے ہے
اس مقدمے کی اہمیت ایران کی سلامتی یا مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن سے بہت آگے ہے۔ جو چیز آخرکار خطرے میں ہے، وہ اس بین الاقوامی قانونی نظام کی ساکھ ہے جو ریاستوں کے خود سرانہ طاقت کے استعمال کو روکنے کے مقصد سےتیا کی گئی تھی ۔ اگر فوجی طاقت کو قانونی ذمہ داریوں پر غالب آنے دیا جائے اور جارحیت کے ذمہ دار ریاستیں جوابدہی سے بچ جائیں، تو کسی بھی ملک کی سلامتی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
طاقت کے استعمال کی ممانعت کوئی ایسا امتیاز نہیں ہے جو طاقتور ریاستیں کمزور ریاستوں کو عطا کرتی ہیں بلکہ یہ ایک لازمی ذمہ داری ہے جو تمام ریاستوں پر یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے۔ امریکا کی جارحیت کا خاتمہ، ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور غیر قانونی فوجی کارروائی سے پیدا ہونے والے نقصانات کی تلافی، یہ سب قانونی تقاضے ہیں، نہ کہ سیاسی نیک نیتی کے مظاہرے۔
اگر طاقت کو قانون پر غالب آنے دیا جائے، تو ایران اس صورتحال کا واحد شکار نہیں ہوگا بلکہ بین الاقوامی قانونی نظام کی بنیادیں اور خود اقوام متحدہ کے چارٹر کی ساکھ بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔



