◷

ایران کاجوہری پروگرام

9 نومبر 2026

افزودہ جوہری مواد کو ایران سے باہر منتقل کرنا ایجنڈے میں ہے ہی نہیں:  ترجمان وزارت خارجہ

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے افزودہ جوہری مواد کو ملک سے باہر لے جانا، تہران کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں تہران کے تازہ موقف کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران کے مجوزہ منصوبے پر عمل درآمد کی مہلت سات دن سے کم کرکے دو دن کر دی گئی ہے۔ انھوں نے واشنگٹن کے مطالبوں میں مسلسل تبدیلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افزودہ جوہری مواد کو کسی بھی صورت ملک سے باہر منتقل کرنے کا معاملہ زیر غور نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریۂ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے المیادین ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی رابطوں کے عمل کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران نے اپنی سنجیدگی اور نیک نیتی ظاہر کرنے کے لیے اپنے تجویز کردہ منصوبے پر عمل درآمد کی مہلت سات دن سے کم کرکے دو دن کر دی ہے۔

بقائی نے مذاکرات کے عمل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کے اندر اس سلسلے میں واضح ابہام ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری اور اختیار کس ادارے یا عہدیدار کے پاس ہے۔ بعض امریکی عہدیدار متضاد مطالبے پیش کر رہے ہیں، جن پر بظاہر اس ملک کے داخلی سیاسی مفادات اور 2028 کے صدارتی الیکشن سے متعلق تحفظات کا اثر ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا مسلسل اپنے مطالبے اور اہداف بدل رہا ہے اور اس طرح وہ عملی طور پر مذاکرات کے اہداف بھی تبدیل کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے ثالثوں کے ذریعے اپنا موقف اور تجاویز پوری وضاحت کے ساتھ پیش کر دی ہیں اور مختلف فریقوں کے درمیان رابطے بدستور براہ راست ملاقاتوں اور ٹیلی فونک گفتگو کے ذریعے جاری ہیں۔

اس گفتگو کے ایک اور حصے میں انھوں نے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئي اے ای اے کے ساتھ ایران کے جوہری تعاون کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے معائنہ کار تقریباً 10 روز قبل بوشہر ایٹمی بجلی گھر کے معائنے کے لیے ایران آئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حالیہ معائنے میں بوشہر ایٹمی بجلی گھر اور ان محدود تنصیبات کا جائزہ لیا گيا جہاں معائنے کے لیے ضروری حالات دستیاب تھے۔

بقائی نے ایران کی دیگر جوہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں متاثرہ تنصیبات کے معائنے کے لیے کوئی متعین پروٹوکول موجود نہیں ہے اور آئي اے ای اے کے پاس فی الحال ان تنصیبات کے معائنے کے لیے کوئی واضح طریقۂ کار یا ہدایات نہیں ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملک کی جوہری تنصیبات کے خلاف امریکا کی مسلسل دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں متاثرہ تنصیبات کے معائنے کا معاملہ اٹھانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ بقائی نے اس گفتگو کے آخر میں افزودہ جوہری مواد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس مواد کو کسی بھی صورت میں ملک سے باہر منتقل کرنے کا معاملہ زیر غور نہیں ہے اور بنیادی طور پر ایسے کسی اقدام کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے