صیہونی وزیر نے جنوبی لبنان کو اسرائیل میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا
صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ نے جنوبی لبنان کے اسرائیل سے الحاق، غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی اور جزیرہ نمائے سینا پر قبضے کا مطالبہ کیا ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ بیزالل اسموترچ نے مصری صدر کے اس بیان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ ان کا اسرائيل کے ساتھ جنگ کا کوئی ارادہ نہیں، قاہرہ کو دھمکی دی کہ اگر مصر نے اسرائيل پر حملہ کیا تو جزیرہ نمائے سینا پر قبضہ کر لیا جائے گا۔ انھوں نے جنوبی لبنان کے بعض علاقوں کو اسرائیل میں ملحق کرنے اور فلسطینیوں کو غزہ پٹی سے بے دخل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
القدس العربی کے حوالے سے ارنا نے رپورٹ دی ہے صیہونی حکومت کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ صیہونی پلیٹ فارم "ایکسپریس” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں عبدالفتاح السیسی کے اس بیان پر اعتماد نہیں کہ مصر اسرائيل کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتا۔ اسموترچ نے مصر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے ممکنہ طور پر دوبارہ حملہ کیا تو جزیرہ نمائے سینا پر قبضہ کر لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر مصریوں کو معلوم ہو کہ اگلے حملے کی صورت میں سینا باقی نہیں رہے گا تو کیا ہوگا؟ وہ اس سے پہلے بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ سینا کھونے کا خوف مصر کو صیہونی حکومت پر حملہ کرنے سے روکتا ہے۔
یاد رہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ بدھ کو 1973 کی اکتوبر جنگ کی ترپنویں سالگرہ کے پروگرام میں کہا تھا کہ دوسرے فریقوں کے خلاف مصر کے کوئی علاقائی عزائم نہیں ہیں اور اس وقت جنگ سینا سمیت مقبوضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے لڑی گئی تھی۔
صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ نے جنوبی لبنان کے ان علاقوں کو بھی اسرائیل میں ملحق کرنے کا مطالبہ کیا جہاں اس حکومت کی فوج تعینات ہے۔ انھوں نے دھمکی دی کہ اگر حزب اللہ نے دوبارہ حملہ کیا تو صیہونی فوج بیروت تک پیش قدمی کرے گی۔ اسموترچ نے غزہ پٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے اور وہاں کے فلسطینی باشندوں کو تدریجی طور پر اس علاقے سے نکلالنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کے 24 لاکھ فلسطینیوں کی اس علاقے میں رہنے کی امید ختم کر دینی چاہیے۔



