◷

پاکستان کے ساتھ تعلقات ; صدر ایران کی پاکستانی وزیر اعظم سے گفتگو

25 ستمبر 2026

پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور تعاون کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں: صدر ایران کی پاکستانی وزیر اعظم سے گفتگو

صدر پزشکیان نے ایران اور پاکستان کے درمیان پائے جانے والےگہرے تاریخ اور تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔

ایوان صدر کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی 81ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات کی۔

 صدر پزشکیان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون، طے شدہ ​​معاہدوں پر عملدرآمد اور اہم ترین علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے تہران اور اسلام آباد تعلقات میں پیشرفت اور اب تک طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتوں کا جائزہ اور ان  پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخ اور تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم اور مشترکہ مفادات کا حامل قرار دیا۔

صدر پزشکیان نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان جاری رابطوں اور مشاورت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ باہمی رابطوں کے ذریعے دو طرفہ معاہدوں پر عملدرآمد اور مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستان کے اصولی موقف اور مربوط کوششوں کی تعریف کی اور کشیدگی  کم کرنے اور علاقائی بحرانوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مشاورت اور سفارت کاری جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و سلامتی کے لیے ان کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گيا۔دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز، جزیرہ نمائے عرب کی صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے خطے میں جاری تنازعات اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار امن و استحکام  کے لیے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے اسلام آباد ایم او یو پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک علاقائی امن و استحکام کے لیے پوری صداقت کے ساتھ کردار ادا کرتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے