امریکہ لبنان کیخلاف جاری اسرائیلی جرائم میں برابر کا شریک ہے، امریکی رکن پارلیمنٹ
امریکی ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹک نمائندہ رشیدہ طلیب نے ٹرمپ انتظامیہ کو لبنان کے خلاف جاری اسرائیل کے انسانیت سوز جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے سوشل میڈیا بیان میں رشیدہ طلیب نے لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ لبنانی بچوں پر اسرائیلی رژیم کی بمباری میں "اہم مدد” پہنچا رہی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ رکن نے لکھا کہ صرف 25 دنوں میں ہی تقریباً 1000 مزید افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ اس جارحیت میں امریکی شراکتداری کو ختم کرنے کے حوالے سے کانگریس میں ذرہ برابر ہمت بھی نہیں!
رشیدہ طلیب نے امریکی قانون سازوں کے اقدامات پر بھی شدید تنقید کی اور اس بات پر زور دیا کہ کانگریس کو اس جنگ میں مذموم امریکی کردار کو روکنے کے لئے جلد از جلد "لبنان وار پاورز ریزولوشن” نامی بل کو منظور کر لینا چاہیئے۔ تل ابیب کے لئے واشنگٹن کی اندھی فوجی و سیاسی حمایت کے سخت ناقدین میں سے ایک امریکی کانگریس ویمن نے لبنان میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں امریکی شراکت کو ختم کرنے کا ایک بار پھر مطالبہ کیا اور اس عمل کو مزید جاری رہنے سے روکنے پر مبنی کانگریس کی اہم ذمہ داری کی یادہانی کروائی۔
