شہید امام خامنہ ای کا پیغام پوری دنیا تک پہنچائیں : ایرانی اسپیکر
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے شہید رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے جنازے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم ظلم و استکبار کے سامنے کبھی خاموش نہیں رہے گی اور اپنے رہبر کے خون کو ہرگز فراموش نہیں کرے گی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے شہید رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ای کے جنازے اور آخری دیدار کی تقریب میں شرکت کے لیے ایرانی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اٹھ کھڑی ہو اور اپنے خونخواہی کے عزم کی آواز پوری دنیا تک پہنچائے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران ایک ایسے تاریخی دہانے پر کھڑا ہے جہاں پوری قوم اپنے عظیم رہنما کو الوداع کہنے کے لیے جمع ہوگی۔ یہ صرف ایک جنازہ نہیں بلکہ شہداء کے راستے، انقلاب اسلامی کی اقدار اور ملت کے عہد کی تجدید کا عظیم مظہر ہے۔
قالیباف نے کہا کہ شہید رہبر انقلاب نے اپنی پوری زندگی اسلام، ایران کی آزادی و خودمختاری، قومی عزت اور انقلاب اسلامی کے اعلیٰ مقاصد کے لیے وقف کیے رکھی اور عالمی استکبار کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا، بلکہ ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے یہاں تک کہ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کی نظریں ایران پر لگی ہوئی ہیں اور عوام کی تاریخی اور پرجوش شرکت دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ ایرانی قوم اپنے شہداء، انقلاب اور رہبر کے ساتھ وفادار ہے۔ یہ اجتماع تاریخ کی عظیم ترین اور یادگار ترین تشییع میں تبدیل ہوگا۔
اسپیکر نے نوجوانوں، شہداء کے اہلِ خانہ، ایثارگروں، خواتین، مردوں اور تمام حق کے متوالوں سے اپیل کی کہ وہ بھرپور انداز میں اس تاریخی تقریب میں شریک ہو کر دنیا کو دکھائیں کہ ایرانی قوم ظلم و استکبار کے سامنے خاموش نہیں رہتی اور اپنے رہبر کے خون سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی۔
انہوں نے عوام سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ تقریب کے دوران نظم و ضبط، باہمی تعاون اور زائرین کی خدمت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ قومی اور تاریخی اجتماع شہید رہبر انقلاب کے شایان شان انداز میں منعقد ہو اور تاریخ میں ملت ایران کے اتحاد، استقامت اور آزادی پسندی کی ناقابل تردید علامت کے طور پر ثبت ہوجائے۔