ایران کے وزیر خارجہ کا دورہ بغداد 

iran baghdad

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ میرا بغداد کا یہ دورہ انتہائی خاص حالات میں ہو رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی آج صبح عراق کے دورے پر بغداد پہنچے۔ بغداد میں انہوں نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

سید عباس عراقچی نے پریس کانفرنس کے آغاز میں گرم جوشی کے ساتھ مہمان نوازی کیے جانے پر عراقی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرا بغداد کا دورہ انتہائی خاص حالات میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور جنگ کے دوران ایرانی عوام کی بہادرانہ مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراقی حکومت نے اس جارحیت کی مذمت کرنے اور ایرانی عوام کی حمایت میں واضح اور ذمہ دارانہ موقف اپنایا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراقی عوام نے بھی ایرانی قوم کی حوصلہ افزائی کی اور اس کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایرانی قوم کی حمایت کا وسیع پیمانے پر اظہار بھی کیا۔

سید عباس عراقچی نے یہ بتاتے ہوئے کہ آج جناب فواد حسین کے ساتھ ان کی اچھی گفتگو ہوئی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات بہت قیمتی ہیں اور ہم ان تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بغداد کے ایران کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔ فواد حسین نے کہا کہ عراق کی نئی حکومت کے قیام اور سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد عباس عراقچی کا دورۂ عراق بہت اہمیت کا حامل ہے۔ عراقی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے تعلقات کے بارے میں مزید کہا کہ ایران، عراق کے لیے ایک اہم پڑوسی ملک ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی، جغرافیائی، ثقافتی، مذہبی، اقتصادی اور اسٹریٹجک ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے