امریکہ ابھی تک یہ نہیں سمجھ پایا کہ ایرانی ڈرنے والے نہیں، روسی نمائندہ
آسٹریا کے شہر ویانا میں قائم بین الاقوامی تنظیموں میں روس کے مستقل نمائندے میخائیل اولیانوف نے ایران کے خلاف امریکی صدر کی جوہری دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک سوشل میڈیا بیان میں لکھا ہے کہ امریکہ ابھی تک یہ بھی سمجھ نہیں پایا کہ ایرانیوں کے خلاف بلیک میلنگ اور دھمکیاں کام نہیں کرتیں۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق روسی نمائندے نے، ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف جوہری حملے کی اس واضح دھمکی پر رد عمل ظاہر کیا ہے کہ جس میں کہا گیا تھا کہ "اگر جنگ بندی نہ ہوئی… تو آپ کو صرف ایران سے ایک بڑی چمکدار روشنی نکلتی نظر آئے گی.. لہذا بہتر ہے کہ وہ جلد ہی معاہدے پر دستخط کر دیں.. اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو انہیں بہت نقصان اٹھانا پڑے گا! اس کے جواب میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسمعیل بقائی نے بھی اعلان کیا تھا کہ یہ ایک بہت ہی گھناؤنا تضاد ہے کہ ٹرمپ، ایک طرف تو جوہری بحران کو روکنے اور امن کے حصول کے لئے کوشاں ہونے کا دعوی کرتا ہے، جبکہ دوسری طرف وہ راہ حل کو "ایک بہت بڑی چمکدار روشنی (ایٹمی حملے)” کی صورت میں دیکھتا ہے!
