مسلمان امریکی رہنماؤں کو قتل کی دھمکیاں؛ ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کر دیں
امریکا میں مسلمان امیدواروں اور رہنماؤں کی انتخابی کامیابیوں کے درمیان شمالی ڈکوٹا میں ایک شخص پر الہان عمر، زہران ممدانی اور دیگر مسلم عہدیداروں کو قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکا میں 2026 کے انتخابات کے دوران مسلمان امیدواروں کی مختلف قومی، ریاستی اور مقامی سطح کے انتخابات میں کم از کم 126 کامیابیوں کے بعد ایک شخص پر متعدد مسلمان امریکی عہدیداروں کو قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، شمالی ڈکوٹا سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ پیٹرک ہارلن ڈائرڈ پر الزام ہے کہ اس نے ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹ رکن الہان عمر، نیویارک کے میئر زہران ممدانی اور ریاست مشی گن کے منتخب سینیٹر عبدالسید سمیت کئی مسلمان عہدیداروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ یہ الزامات امریکی وفاقی عدالت میں دائر فوجداری شکایت میں شامل ہیں۔
27 نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد دھمکی آمیز اور اسلام مخالف پیغامات جاری کیے تھے، جن میں مذکورہ عہدیداروں اور دیگر مسلمان رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایف بی آئی کی جانب سے پیش کیے گئے حلفیہ بیان کے مطابق، نومبر کے وسط میں ایک غیر منافع بخش تحقیقی ادارے نے سوشل میڈیا پر ایک ایسے اکاؤنٹ کی نشاندہی کی جس سے ان عہدیداروں کو قتل کرنے کی اپیل کی جا رہی تھی۔ ادارے نے اس معاملے کی اطلاع ایف بی آئی کے نیشنل تھریٹ آپریشنز سینٹر کو دی۔
تحقیقاتی حکام نے ایسے متعدد پیغامات کی نشاندہی کی جن میں مذکورہ افراد کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ ان پیغامات میں اسلام مخالف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے اور عہدیداروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر وہ امریکا میں رہے تو انہیں خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بعض دیگر پیغامات میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دو اہلکاروں کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ ان میں ایک نامعلوم عوامی عہدیدار کو محفوظ مقام سے منتقل کرنے کی بات کی گئی تھی، جس کے بارے میں پیغام لکھنے والے کا دعویٰ تھا کہ اس سے انہیں قتل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
اس مقدمے کی تحقیقات کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے معلومات حاصل کی گئیں، موبائل فون کے ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق، حاصل ہونے والے شواہد سے مذکورہ اکاؤنٹ کا تعلق شمالی ڈکوٹا کے شہر ہلزبرو کے رہائشی ڈائرڈ سے ظاہر ہوتا ہے، جو فارگو کے علاقے میں ایک کمپنی کے لیے کام کرتا ہے۔
اس مقدمے کے حوالے سے ملزم کے سابقہ ملازمت کے ریکارڈ بھی سامنے آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈائرڈ کو جولائی 2023 میں فارگو شہر میں امریکی محکمہ امورِ سابق فوجیوں کی پولیس سروس سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، اس فیصلے کی ایک وجہ خواتین، غیر سفید فام افراد اور مسلمانوں کے ساتھ اس کے رویے سے متعلق سامنے آنے والے خدشات تھے۔
امریکی مسلم تنظیم کا ردعمل
امریکی مسلم تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) کے قومی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیہاد عوض نے بدھ کے روز جاری بیان میں ان دھمکیوں کی تحقیقات اور ذمہ دار شخص کے خلاف کارروائی کے لیے وفاقی حکام کے فوری اقدام کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو، خواہ ان کا مذہب یا پس منظر کچھ بھی ہو، نسل پرستانہ اور اسلام مخالف دھمکیوں کا سامنا کیے بغیر اپنے حلقے کے لوگوں کی نمائندگی کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔



