اگر امریکا اپنے عہد پر عمل کرے تو مختصر ترین مدت میں آبنائے ہرمز کھل جائے گی: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی
ایران کے ترجمان دفترخارجہ نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کھلنے کے لئے امریکا کی جانب سے اپنے عہد پر عمل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز مختصر ترین مدت میں کھولی جاسکتی ہے لیکن اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ امریکی اپنے عہد پر عمل کریں۔
اسماعیل بقائی نے آج پیر کو اپنی پریس کانفرانس کے آغاز میں ایران کے شہید بچوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کی جارحیت میں جو بچے ایران پر فدا ہوئے اور لشکر شہدائے ایران کا حصہ بنے، ہمیں چاہیے کہ ہمیشہ انھیں اپنی آنکھوں کے سامنے رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم چاہے جس حال میں بھی ہوں، جو سانس لے رہے ہیں وہ کیسے معصوم فرشتوں کی مرہون منت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے ارنا کے نامہ نگار نے سوال کیا کہ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فریق مقابل اپنے عہد پر عمل کرے تو ایران دو گھنٹے میں آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے۔ نقادوں کو کہنا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے اور اسی طرح اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کی امریکا کی جانب سے خلاف ورزیوں کے پیش نظر، دو گھنٹے کے اندر، اس بات کا اطمینان کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے کہ فریق مقابل واقعی اپنے عہد پر عمل کررہا ہے؟ اس پراسیس میں ایران کے مد نظر کون سا میکانزم ہے؟
ترجمان وزارت خارجہ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ میری درخواست ہے کہ احباب، کلام وبیان کی ظرافتوں کو مد نظر رکھیں۔ ہم کہتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے عہد پر عمل درآمد میں ثابت قدم ہے، اگر فریق مقابل متعلقہ شرائط کی پابندی کرے، تو ہم مختصر ترین ممکن وقت میں اپنے عہد کے اجرا پر قادر ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنے عہد کی پابندی میں، اپنے حقوق اور شرائط پر زور دیتے ہیں اور اس سلسلے میں سنجیدہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اگر امریکی اپنے عہد پر عمل کریں، تو مختصر ترین ممکن وقت کے اندر، آبنائے ہرمز اور علاقے میں سلامتی بحال ہوسکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ہم نے ان پیچیدگیوں کو نظر انداز کردیا ہے جو اس سلسلے میں پائی جاتی ہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ وہ جانتا ہے کہ کیا چاہتا ہے، ایرانی عوام کے حقوق اور ان کے پہلووں سے باخبر ہے اور اس مسئلے میں ہرگز کوتاہی نہیں کرے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کہتے ہیں کہ جن شرائط کی بات کی جارہی ہے، وہ عجیب وغریب نہیں ہیں۔ بلکہ ایران کا حق ہیں: غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کی برطرفی، بحری محاصرے کا خاتمہ، اور ان تمام باتوں پر عمل جو 18 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت میں امریکا نے تسلیم کی تھیں۔ یہ نہ نئی پیشگی شرائط ہیں اور نہ ہی ایرانی حقوق سے بالاتر مطالبات ہیں بلکہ ایرانیوں کے حقوق کا جزو لاینفک ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے ذریعے شنزن میں امریکا، روس اور چین کی 2026 کی سربراہی نشست کی تصویر کے ساتھ، 1945 میں تہران میں تینوں ملکوں کے سربراہوں کی تصویر نشر کیے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر ہم امریکی حکام کی زبان میں بولیں تو تہران میں اس طرح بیٹھنے سے لے کر، چین میں اس طرح کھڑے ہونے تک کا مطلب، ایران کی طاقت کے سامنے احترام میں کھڑا ہونا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اسی سلسلے میں کہا کہ آج ایران عالمی میدان میں صرف فعال ہی نہيں بلکہ موثر اسٹیک ہولڈر ہے۔ روس اور چین ہمارے دوست ہیں اور ان دونوں ملکوں سے ہمارے روابط بہت اچھے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس نشست سے پہلے سےہی ہم اس سلسلے میں ان دونوں ملکوں سے رابطے میں تھے اور نشست کے بعد بھی ہم نے اپنے سفارتخانوں کے توسط سے گفتگو کی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جو ملک بھی فکر اور تشویش کے ساتھ امریکا سے گفتگو کرتا ہے، اس کے سامنے امریکا کے طرز عمل کے تعلق سے سوالات ہوتے ہیں، جن میں امریکا کی خودسری اور یک طرفہ سوچ اور اقدامات، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، ہمارے علاقے اور اسی طرح دنیا کے دیگر علاقوں میں امریکی اقدامات کے بعد رونما ہونے والے المیوں کے بارے میں سوالات شامل ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ نشست کا اختتامی بیان آپ نے ملاحظہ کیا اور دیکھا کہ اس میں کون سے موضوعات تھے۔ بنابریں ہم مطمئن ہیں کہ اپنے بارے میں ہم خود فیصلہ کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے بارے میں تہران کے علاوہ کہیں اور فیصلہ نہيں کیا جائے گا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے محاصرہ توڑنے والے ایرانی جہازوں کو حملے کا نشانہ بناکر غرق کردینے کی ٹرمپ کی دھمکی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی دھمکیاں نئی نہیں ہیں، ہم 50 سال سے ان دھمکیوں کا سامنا کررہے ہیں۔
انھوں نے گزشتہ دوبرس کے دوران تسلسل کے ساتھ دی جانے والی امریکی دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے دور میں ہر روز دھمکی دی جاتی ہے اور ہر روز کامیابی کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ان دھمکوں سے ڈرکر، اپنے وطن، اپنے حقوق اور اپنی عزت وشرف سے دستبردار ہونے والے نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ دھمکیاں، ہمیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی شرپسندیوں کے مقابلے میں زیادہ متحد اور زیادہ مصمم کرتی ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نےاس سوال کے جواب میں کہ کیا تہران اقتصادی اور بحری محاصرے کو علاقے میں نئی جنگ اور تصادم کا باعث سمجھتا ہے؟ کہا کہ یقینا، ہم ان اقدامات کو برداشت نہیں کریں گے اور امریکی جارحیتوں کے مقابلے میں پوری توانائی اور طاقت سے کام لیں گے۔
انھوں نے کہا کہ امریکا جس کو اقتصادی پابندی اور اقتصادی وبحری محاصرہ کہتا ہے، وہ ایران کے خلاف فوجی جارحیت ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں امریکا نے جو پابندیاں لگائي ہیں، وہ اپنی ماہیت میں گزشتہ پابندیوں سے مختلف ہیں کیونکہ یہ پابندیاں امریکا اور صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کے دوام کے سلسلے میں لگائی گئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کی 2 اور 4 نیز جنرل اسمبلی کی قرار داد 3314 کے مطابق جارحیت کی مصداق ہیں اور امریکا جس طرح کے بحری محاصرے کا اعلان کررہا ہے، وہ ایران کے خلاف فوجی جارحیت ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ان حالات میں ایران کو حق حاصل ہے کہ اقوام متحدہ کے منشورکی دفعہ 51 کے مطابق اپنے دفاع میں ہر وسیلے سے کام لے۔
انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں اعلی سطح پر ضروری فیصلے کیے جاچکے ہیں۔



