◷

جوابی حملوں کا حق رکھتے ہیں؛ ایران

15 نومبر 2026


امریکی فوج کی مدد کرنے والے خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کا حق رکھتے ہیں؛ ایران

ایران خطے کے ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کے ذریعے اس معاملے کو اٹھاتا رہے گا


ایران نے کہا ہے کہ خطے کے بعض ممالک نے امریکہ کو اپنی سرزمین پر قائم فوجی اڈوں سے میزائل، ڈرون اور جنگی طیارے چلانے کی اجازت دی اور امریکی فوج کو لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ بعض علاقائی ممالک کی جانب سے امریکی فوجی کاروائیوں میں معاونت کے دستاویزی شواہد موجود ہیں جنہیں سفارتی ذرائع کے ذریعے متعلقہ ممالک کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔

اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان ممالک نے اپنی سرزمین پر موجود فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے دیا جبکہ امریکی افواج کو ضروری لاجسٹک سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

انہوں نے ایسے خلیجی ممالک پر ایران کے جوابی حملوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کاروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے حق کے استعمال کے زمرے میں آتی ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کے حملوں کا ہدف خلیجی ممالک کی خودمختاری یا ان کی سرزمین نہیں بلکہ امریکی فوجی اڈے اور وہ عسکری تنصیبات ہیں جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کے ذریعے اس معاملے کو اٹھاتا رہے گا اور اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے