◷

استنبول اجلاس اور خطے کی نازک صورتحال

25 اکتوبر 2026

IMG_20261025_203453_960.jpg

مغربی ایشیا خطہ ایک بار پھر اپنی سیکورٹی اور اقتصادی مساواتوں کے خطرناک موڑ پر آ کھڑا ہوا ہے۔ ایران اور امریکہ میں تناو کی شدت میں اضافہ ہو جانے کے ساتھ ساتھ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ایک اور ممکنہ فوجی جارحیت کا امکان پایا جاتا ہے جس کے باعث خلیج فارس جو جنگ سے پہلے انرجی کی عالمی تجارت کی اہم اور اسٹریٹجک شاہرگ تصور کیا جاتا تھا اس وقت انتہائی غیریقینی صورتحال کا شکار ہو چکا ہے۔ ایسے حالات میں خطے کے ممالک خاص طور پر عرب ریاستیں اور ان کے یورپی اتحادی بھی انتہائی تشویش کا شکار ہیں اور وہ اس بحرانی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہاتھ پاوں مارنے میں مصروف ہیں۔ عرب اور یورپی ممالک ماضی کی جنگ طلب پالیسیوں کے برعکس اس وقت خطے میں امن و استحکام کے شدید خواہاں ہیں جس کی تین اہم اور بنیادی وجوہات ہیں: یورپ کی معیشت، انرجی کی جیواکنامک سیکورٹی اور عرب ممالک کی قومی سلامتی کو درپیش خطرات۔ سب سے پہلی تشویش یورپ کی معیشت کو شدید دھچکہ پہنچنے اور اس کی کرنسی کا نظام تباہ ہو جانے کے خوف پر مبنی ہے۔ یورپی ممالک کی معیشت پہلے ہی خطے میں جنم لینے والی طویل المیعاد جنگوں کے دوررس نتائج سے شدید متاثر ہو چکی ہیں اور اب اگر آبنائے ہرمز بھی پوری طرح بند ہو جاتا ہے تو انہیں اپنی ضرورت کی انرجی مصنوعات فراہم کرنے میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔  بین الاقوامی ایجنسی برای توانائی نے بارہا خبردار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل اور دیگر انرجی مصنوعات کی قلت نے آئل ریفائنریز کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح تک جا پہنچی ہیں۔ آئی ایم ایف نے بھی پیشن گوئی کی ہے کہ فرانس میں معیشت کی ترقی کی شرح 0.6 کی کم ترین سطح پر آ سکتی ہے جبکہ 2026ء میں بھی افراط زر کی بڑھتی شرح سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپ اپنی معیشت پر مزید دھچکہ برداشت نہیں کر سکتا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ، لاجسٹک سروسز اور صنعتی پیداوار کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں جبکہ یورپی گھرانوں کی قوت خرید کم ہوتی جا رہی ہے۔ یہ اقتصادی دباو بھی یورپی ممالک میں حالیہ عوامی احتجاج اور ناراضگی کی ایک اہم وجہ ہے۔ ایسے حالات میں یورپی رہنما اس اسٹریٹجک نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ خلیج فارس میں جنگ جاری رہنا مغربی دنیا کی معیشت اور فلاح و بہبود کے نظام کی خودکشی کے مترادف ہو گا۔ دوسری طرف ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کے باعث عرب خلیجی ریاستوں کی قومی سلامتی بھی شدید خطرے میں پڑ چکی ہے۔ عرب سربراہان گزشتہ چند عشروں سے اس خام خیالی کا شکار تھے کہ وہ امریکہ کی فوجی طاقت کی چھتری تلے پوری طرح محفوظ ہیں اور یوں اپنی اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔  لیکن حالیہ جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی یقینی بنانے کے لیے امریکہ پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور کویت جیسے ممالک نے ڈیجیٹل اقتصاد کے فروغ، مصنوعی ذہانت، کلاوڈ ڈیٹا سنٹرز اور سیروسیاحت جیسے شعبوں میں سینکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے اس کے خلاف دوبارہ فوجی جارحیت کی تو وہ خلیج فارس سے عبور کرنے والی انٹرنٹ کیبلز کاٹ دے گا جس کے نتیجے میں عرب ممالک کی اقتصادی سرگرمیاں تباہ ہو کر رہ جائیں گی۔ یوں یہ تلخ حقیقت عیاں ہو چکی ہے کہ خلیج فارس کی معیشت کس قدر تباہی کے دہانے پر ہے۔ اگر یہ انٹرنٹ کیبلز کاٹ دی جاتی ہیں تو عالمی تجارت مفلوج ہو کر رہ جائے گی اور ڈیجیٹل بینکاری کا نظام درہم برہم ہو کر رہ جائے گا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے جو مصنوعی ذہانت کے خواب دیکھے ہیں وہ سب بھی چکناچور ہو جائیں گے۔ لہذا عرب اور یورپی ممالک خطے میں دوبارہ جنگ شروع ہونے سے روکنے کے لیے استنبول میں سر جوڑ کر بیٹھے ہیں تاکہ پاکستان اور ترکی کی مدد سے کوئی راہ حل تلاش کر سکیں۔ 23 اکتوبر 2026ء کے دن استنبول میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان، ترکی، مصر اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ برطانیہ، جرمنی، فرانس اور اٹلی کے نمائندے بھی شریک تھے۔  اس نشست کے بانی ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان تھے۔ اس نشست کے انعقاد سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے کے ممالک کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک بھی اس حقیقت کو درک کر چکے ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل کی یکہ تازیاں نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے نقصان میں ہیں۔ اگرچہ اس اجلاس میں یورپی ممالک اور خطے کے ممالک کے درمیان گہرے اختلافات بھی کھل کر سامنے آئے ہیں تاہم اس بات پر ان کا اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ خطے میں جنگ کی آگ مزید شعلہ ور نہیں ہونی چاہیے۔ ان تمام ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے میں موجودہ بحران کی اصل ذمہ داری اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور عزائم پر عائد ہوتی ہے۔ لہذا ان تمام ممالک نے درپیش مسائل اور اختلافات کو سفارتی طریقہ کار سے حل کرنے پر زور دیا ہے اور جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنے پر بھی تاکید کی ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ سمیت اجلاس میں شریک یورپی رہنماوں نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ خطے میں کسی قسم کے نئے ٹکراو کا نقصان سب کو ہو گا اور اس سے انرجی کی تجارت کو ایک اور دھچکہ پہنچے گا۔ لہذا یوں دکھائی دیتا ہے کہ ممکنہ جنگ کے اقتصادی اور سیکورٹی اثرات کے خوف نے خطے کے ممالک اور یورپی ممالک کو سفارتی سرگرمیاں بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس نشست سے ثابت ہو گیا ہے کہ خلیج فارس اور مغربی ایشیا خطے میں امن و استحکام پوری دنیا کی ضرورت بن چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے