یمن، سپر پاور بن چکا ہے، جدید ہتھیار ابھی میدان جنگ میں آئے ہی نہیں: انصار اللہ
یمن کی تحریک انصار اللہ کے ایک سینئر لیڈر نے کہا ہے کہ یمن کے جدید اور پیشرفتہ ہتھیار ابھی میدان جنگ میں آئے ہی نہیں ہیں۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سینئر رکن محمد الفرح نے اپنے ایک پیغام میں زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے اسمارٹ اور جدید ہتھیار ابھی میدان جنگ میں نہیں لائے گئے ہیں۔
الفرح نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: "یمن کی صلاحیتوں کے بارے میں سعودی عرب کے غلط اندازے ریاض کی شکست اور ناکامی کی اہم ترین وجوہات میں سے ایک ہیں۔” انھوں نے مزید لکھا ہے: "یقین کیجیے، آپ نے ابھی تک زیادہ کچھ نہیں دیکھا، اسمارٹ اور مؤثر ہتھیار ابھی میدان میں آئے ہی نہیں ہیں۔”
الفرح نے مزید کہا ہے کہ یمنی عوام کو اقلیت یا نیم فوجی گروہ قرار دینا جنگ کے آغاز کے وقت کے انہیں غلط اندازوں کے بدستور جاری رہنے کی نشان دہی کرتا ہے جب جارح اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ یمن پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے بس ایک ہفتہ کافی ہے۔
تحریک انصار اللہ کے سینئر رکن نے کہا کہ جنگ کے بارہ سال گزرنے کے باوجود جارح اب بھی انھی غلط اندازوں کے اسیر ہیں۔ الفرح نے کہا کہ یمن اب ایک سپر پاور بن چکا ہے اور سعودی عرب، امریکا اور صیہونی حکومت کی خواہشات کے برخلاف پیشرفت اور آزادی کی راہ پر گامزن ہے۔



