◷

وائٹ ہاؤس نئی سیکٹریٹری کی قانونی خلاف ورزی

16 اکتوبر 2026

وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکٹریٹری پر عہدہ سنبھالتے ہی قانون کی خلاف ورزی کا الزام

وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکٹریٹری نے ابھی اپنا عہدہ سنبھالا ہی تھا کہ ان پر قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد ہو گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی نئی پریس پریس سیکریٹری کیٹی زکریا پر خود کو وکیل کہنے کے سبب قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ وہ وکالت کے امتحان میں فیل ہو چکی ہیں۔

روزنامہ ٹیلی گراف کے مطابق 41 سالہ پریس سیکریٹری نے 2011 میں پیپرڈائن یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف لا سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کیلیفورنیا میں وکالت کا امتحان دیا تھا جس میں وہ فیل ہو گئي تھیں، بنابریں ان کے پاس وکالت کا لائسنس نہیں ہے۔ امریکا کے قوانین کے مطابق صرف وہی شخص خود کو وکیل کہہ سکتا ہے جو اس امتحان میں کامیاب ہوا ہو۔ اس کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی پریس سیکریٹری کا تعارف کراتے ہوئے انھیں "وکیل” قرار دیا تھا۔

ٹیلی گراف نے منگل کے روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے کیٹی زکریا کی پہلی غیر متاثر کن پریس کانفرنس کا بھی ذکر کیا ہے، جس میں ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے وکالت کا امتحان کہاں دیا تھا؟ انھوں نے جواب دیا: "جب میں چین منتقل ہوئی تھی۔” بدھ کے روز نیویارک ٹائمز کے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انھوں نے سوال غلط سنا تھا اور سمجھا تھا کہ صحافی پوچھ رہا ہے: "آپ ڈپارٹمنٹ آف لا سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد کہاں تھیں؟”

جمعرات کے روز انھوں نے پروگرام "ریئل امریکا وائس” کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ وکالت کے امتحان میں فیل ہو گئی تھیں اور انھوں نے دوبارہ امتحان نہیں دیا کیونکہ چین سے واپسی کے وقت ان کے پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ حالانکہ کیٹی زکریا اس سے پہلے خود کو وکیل ظاہر کرتی رہی تھیں اور اطلاعات کے مطابق فاکس نیوز پر کم از کم 18 بار انھیں اسی حیثیت سے متعارف کرایا گیا تھا۔

بدھ کے روز نگرانی کرنے والے ادارے "کیمپین فار اکاؤنٹیبلٹی” نے، جو بااثر افراد کے شفافیت اور جواب دہی سے متعلق معاملات پر نظر رکھتا ہے، اس بات کی جانچ کا مطالبہ کیا کہ کیٹی زکریا نے خود کو وکیل ظاہر کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں؟ اس گروپ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میشل کوپر اسمتھ نے کہا: "زکریا نے ٹیلی ویژن پر قانونی امور کی مبصر اور اب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی حیثیت سے اپنی ساکھ اور شہرت بڑھانے کے لیے بارہا خود کو وکیل ظاہر کیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ سب جھوٹ تھا۔ کیلیفورنیا میں لائسنس کے بغیر خود کو وکیل کہنا محض دکھاوا نہیں، بلکہ جرم ہے۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے