ترجمان وزارت خارجہ: یورپ کی جانب سے امریکا کا ساتھ، بین الاقوامی قوانین کا دفاع ہے یا نابودی؟
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف امریکی پابندی اور دھمکی کو خطرناک قرار دیا ہے
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اتوار10 اکتوبر کو ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ” مارکو روبیو نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکی اتحادیوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو نکیل نہ دی تو واشنگٹن اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گا۔
اسماعیل بقائی نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ” براہ مہربانی 1930 کو یاد کریں، بین الاقوامی نظام کا شیرازہ جارحیت سے نہیں، بلکہ اس وقت، بکھرتا ہے جب طاقت کا استعمال معمول کی بات ہوجائے اور دنیا اس پر خاموش رہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ ‘یورپ سے پوچھنا چاہئے کہ اتحادی کا ساتھ دینے کا مطلب، بین الاقوامی قوانین اور دوسری عالمی جنگ کے بعد کے بنیادی اصول وضوابط کا دفاع ہے، یا ان کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے میں معاونت؟
ایران کے ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ اگر قانون اور عدالت کو جارح اور منھ زور اتحادی کی خوشنودی پر قربان کردیا جائے تو انسانی حقوق اور اصول وضوابط پر مبنی بین الاقوامی نظام کی بات کھوکھلی نعرے بازی کے سوا کچھ بھی نہیں رہے گی۔



