رہبرانقلاب اسلامی کا خطاب ، حکومت ایران کا بیان

173072232

رہبرانقلاب اسلامی کی حکیمانہ رہنمائیوں کی پا سداری میں حکومت ایران کا بیان

حکومت ایران نے رہبر انقلاب اسلامی کی حکیمانہ رہنمائیوں کی پاسداری و پیروی کا اعلان کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتی کابینہ نے ایک بیان جاری کرکے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی حکیمانہ رہنمائیوں کی  پیروی اور پاسداری پر زور دیا ہے۔

ایران کی حکومتی کابینہ کے بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے:

 بسم اللہ الرحمن الرحیم

 رہبر انقلاب اسلامی، جناب آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ  حسینی خامنہ ای مد ظلہ العالی

مخلصانہ درود وسلام اوراحترام واکرام کے ساتھ، عرض ہے کہ

ہفتہ وحدت اور پیغمبر اعظم (صل اللہ علیہ وآلہ وسلم) اورامام جعفر صادق (علیہ السلام) کےایام ولادت باسعادت کی مناسبت سے، حکیمانہ ہدایات اور لطف وکرم سے مملو جنابعالی کا امید افزا بیان،خادمین ملت کے لئے خوشی اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔

خادمین ملت،بالخصوص عوام کے ہمدرد، سچے اورمحنتی صدرمملکت ڈاکٹرمسعود پزشکیان پر جناب عالی کے حسن اعتماد اور ان کی مخلصانہ حمایت اورقدردانی پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتی کابینہ شکرگزار ہے اور اس کو درپیش سخت راہ طے کرنے میں عظیم ترین سرمایہ اور پشت پناہ سمجھتی ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتی کابینہ، موجودہ سنگین حالات کے اداراک کے ساتھ، جناب عالی کی اہم اور حکیمانہ رہنمائیوں کی پاسداری و پیروی کے تعلق سے مندرجہ ذیل عہد اورموقف کا اعلان کرتی ہے۔

1۔ شہدائے خدمت کی تکریم اور خراج عقیدت:

 ہم شہید صدررجائی و رئیسی، شہید وزیراعظم باہنر اور انقلاب کے بعد کے برسوں میں درجہ شہادت پر فائز ہونے والے  دیگر شہدائے حکومت بالخصوص شہید رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای رحمت اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اوران کے لئے خدا وند عالم سے بلندی درجات طلب کرتے ہیں جو طویل برسوں تک اس سرزمین کی عزت وسربلندی کے علم بردار رہے۔ ہم اسی کے ساتھ خود کو اس عہدوپیمان کا پابند سجھتے ہیں جو ہم نے اپنے شہید امام سے کیا تھا۔

2- معیشت، اقتصاد اور اندرونی پیداوار کا فروغ:

موجودہ حکومت، مسلط کردہ جنگ اور ظالمانہ پابندیوں کے نتیجے میں درپیش معاشی چیلنجوں کے اداراک کے ساتھ، اقتصادی مسائل، منجملہ گرانی پرقابو پانے، بازار کے دانشمندانہ کنٹرول،روزگارپیدا کرنے، قومی پیداوارمیں سرمایہ کاری اور ڈالر سے وابستگی تدریجی طور پر ختم کرنے پر مصمم ہے اور ہم عہد کرتے ہیں کہ مزاحمتی اقتصادی پالیسی کی بنیاد پرملکی پیداواروں اور اندرونی گنجائشوں اور صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے، اپنے عزیزعوام کی معیشت بہتر کرنے اور ان کے شایان شان رفاہ وآسائش فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔

   3۔ ملی یک اتحادویک جہتی کی حفاظت:

سماجی یک جہتی میں خلل ڈالنے والے ہر اقدام سے پرہیز کے لئے جناب علی کی سخت ہدایت پرعمل کرتے ہوئے، حکومتی کابینہ اپنے سبھی فیصلوں اور بڑے سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی منصوبے، ملی یک جہتی کے لئے لازمی بیانیہ پر استوار کرے گی۔

 ہم اختلافی اورناامیدی کی باتوں سے پرہیز کو اپنا حتمی فریضہ سمجھتے ہیں اور سماج میں امید، ہمدلی اور اتحادواتفاق پیدا کرنے میں اپنی پوری توانائی سے کام لیں گے۔

  4۔ تعلیم وتربیت، علمی مرکزیت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پیشرفت:

  زراعت، صنعت، مواصلات اور ثقافت کے میدان میں استثنائی ذہانت کے مالک نوجوانوں کی ایجادات کی بنیاد پرانقلابی پیشرفت کے لئے دن رات کی کوشش، ہمارے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے۔ حکومت تعلیم وتربیت اور ثقافت کے تعلق سے اپنے اسٹریٹیجک نقطہ نگاہ کے ساتھ علمی مرکزیت کا ہدف حاصل کرنے اور اسلامی انقلاب کے دوسرے مرحلےکے بیانیے کو عملی شکل دینے دینے کے لئے  پوری طرح کوشاں ہے۔  

  5۔ عزت وشرف کی ڈپلومیسی اور محاذ کفر کے مقابلے میں استقامت:

بین الاقوامی میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سیاست، تین اصولوں، "عزت، حکمت اور مصلحت” نیز امریکی و صیہونی سامراج کی ظالمانہ پابندیوں اورسازشوں کے مقابلے میں استقامت و پائیداری پر استوار ہوگی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومتی کابینہ کی نگاہ میں ملک کی سلامتی اور ملی مفادات کے تحفظ میں ” سفارتکاری اور  دفاع کے میدان، ایک دوسرے سے ہم آہنگ اورایک دوسرے کے مکمل ہیں اورانہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ اس ہم آہنگی کے سائے میں اور ایک دوسرے کی طاقت وتوانائی بڑھا کر، امریکی و صیہونی استکبارکی سازشوں اور ظالمانہ پابندیوں کے مقابلے میں استقامت وپائیداری جاری رکھیں گے۔    

آخر میں حکومتی کابینہ، ان سیاستوں اور اسٹریٹیجک پالیسیوں کی جنہیں شہید امام (خامنہ ای رحمت اللہ علیہ) کی تائید حاصل تھی اور جن کی آپ نے تاکید فرمائی تھی، اور اسی طرح جناب عالی کی عالمانہ وحکیمانہ قیادت نیز صدر محترم کی دلیرانہ، مخلصانہ، صادقانہ اور ہمدردانہ تدابیرکی پیروی کے ساتھ، ایک بار پھر عہد کرتی ہے کہ ایران کو زیادہ سے زیادہ طاقتور بنانے کا مقصد حاصل کرنے کے لئے، کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی اور ملک کی توانائیوں سے حضرت ولی عصر(عجّل اللہ فرجہ الشریف) کی رضا اور ملت عزیز وشریف ایران کی خوشنودی حاصل کرنے میں کام لے گی۔

  ہم خداوندعالم سے جناب عالی کے لئے، عزت وسلامتی طلب کرتے ہيں اور ہماری دعا ہے کہ امت اسلامیہ کی ہدایت کے لئے جناب عالی کا مبارک سایہ ہمارے سروں پر باقی رہے۔

حکومتی کابینہ، اسلامی جمہوریہ ایران   

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے