کربلا میں عاشورا / لاکھوں عزاداروں کی شرکت
عاشورا کے موقع پر کربلا میں لاکھوں عزاداروں اور زائرین نے حاضری دی جبکہ ماتمی جلوس "طویریج” میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں آج یوم عاشورا کے موقع پر لاکھوں افراد نے حضرت امام حسین کے روضہ اقدس پر حاضری دی اور امام عالی مقام سمیت شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کی۔
عزاداروں نے سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی یاد میں روایتی ماتمی رسومات ادا کیں، جن میں "طویریج” نامی تاریخی جلوس بھی شامل تھا۔ یہ عراق، بالخصوص کربلا کی قدیمی ترین اور معروف مذہبی روایات میں شمار ہوتا ہے، جس میں ہر سال ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔
اس جلوس میں شریک عزادار نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد واقعہ کربلا میں اسیر ہونے والی خواتین اور بچوں کے مصائب کی علامتی یاد تازہ کرتے ہوئے کئی کلومیٹر تک دوڑتے ہوئے حضرت ابوالفضل العباس اور حضرت امام حسین کے روضہ مبارک کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔
کربلا کی صوبائی انتظامیہ نے عراق کے مختلف شہروں اور بیرون ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے سخت حفاظتی اقدامات اور وسیع انتظامی و خدماتی سہولیات فراہم کی ہیں۔