جاسوسی کا الزام، برطانیہ نے چین کے سفیر کو طلب کر لیا
برطانوی دفتر خارجہ نے اعلان کیا کہ 2 افراد کو ہانگ کانگ اور بالآخر چین کے لئے جاسوسی کے الزام میں سزا ملنے کے بعد، برطانیہ نے چین کے سفیر کو طلب کیا ہے۔ برطانوی حکومت کی جانب سے یہ بیان لندن میں سمن جاری ہونے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ اس بیان میں برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ژینگ زیگوانگ کو ہانگ کانگ حکام سے منسلک سرگرمیوں سے متعلق کیس کے اختتام کے بعد جمعے کے روز طلب کیا گیا تھا۔ اس بارے برطانوی ترجمان نے مزید کہا کہ برطانیہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ برطانیہ میں موجود افراد یا کمیونٹیز کو دھمکانے، ہراساں کرنے یا نقصان پہنچانے پر مبنی بیرونی ممالک کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا، اور وہ اس طرح کے اقدامات کو برطانوی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی سمجھتا ہے۔
ادھر برطانیہ کے ہوم سیکرٹری ڈین جارویس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے چین کی نیابت میں مذکورہ افراد کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیاں، ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور ہم اسے کبھی برداشت نہیں کریں گے۔
دوسری جانب چین نے ان الزامات کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ افراد، برطانوی تاریخ میں ایسے پہلے اشخاص ہیں کہ جنہیں قومی سلامتی کے ایک بڑے مقدمے کے دوران، چین کے لئے جاسوسی کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔

.png)