ظلم کی انتہاء، اسرائیلیوں نے قبروں میں گڑے فلسطینی مردے بھی اکھاڑ لئے
فلسطین پر قابض صہیونیوں نے مغربی کنارے میں انجام پانے والے اپنے نئے جرائم کے دوران، اسرائیلی فوج کے ہمراہ ایک فلسطینی شہری کی لاش کو اس کی قبر سے باہر نکال لیا جسے جنین کے جنوب میں واقع گاؤں العصاعصہ کے قریب دفن کیا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اس دعوے کے ساتھ انجام دی گئی کہ اس فلسطینی جوان کی تدفین کا مقام "ترسلہ” نامی صہیونی بستی کے قریب ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ قبر صہیونی بستی سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔
اس بارے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس دوران قابض اسرائیلی فوج بھی اس مقام پر موجود تھی جو قبر کشائی کے اس عمل کی مکمل نگرانی کر رہی تھی۔ مقامی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی آباد کاروں نے پہلے قبر کشائی کی جبکہ اس دوران اسرائیلی فوجی بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جس کے بعد قابض اسرائیلی فوج اور غاصب صیہونی آبادکاروں نے گاؤں والوں کو ہی متوفی کی لاش قبر سے باہر نکالنے اور اسے کاندھوں پر اٹھا کر اپنے ساتھ لانے پر مجبور کیا۔
