ہم ایران کیخلاف امریکی و بحرینی قرارداد کے مخالف ہیں، روس
روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر علیموف نے اعلان کیا ہے کہ روس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے بارے امریکہ اور بحرین کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی کسی صورت حمایت نہیں کرے گا۔ ایزویسٹیا اخبار کے ساتھ ایک انٹرویو میں، الیگزینڈر علیموف نے واضح کیا کہ ہم امریکہ-بحرین کے مسودے میں شریک مصنفین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسے واپس لے لیں اور اس پر کوئی فیصلہ سامنے نہ لائیں کیونکہ ہمیں ابھی تک اس دستاویز میں کوئی صلاحیت نظر نہیں آتی۔
روسی نائب وزیر خارجہ کے مطابق، ماسکو اور بیجنگ نے بھی اپنی قرارداد کا مسودہ تیار کیا ہے جس میں فریقین سے تنازعات کو روکنے، طاقت کا سہارا لینے سے گریز اور مذاکرات کی میز پر مسائل حل کرنے کے لئے واضح مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس دستاویز میں کشتیرانی کی آزادی کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اعلی روسی سفارتکار نے مزید کہا کہ ابھی تک دونوں مسودوں پر فیصلے کے لئے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ الجزیرہ نے بھی گذشتہ روز اطلاع دی تھی کہ اس قرارداد کے مسودے کا ایک نظرثانی شدہ ورژن سلامتی کونسل کے اراکین میں تقسیم کیا گیا ہے جس پر روسی حکومت نے سخت اعتراضات لگائے تھے۔
