اسرائیلی فوج کیخلاف حزب اللہ لبنان کے جاندار حملے
لبنانی اسلامی مزاحمت نے قابض اسرائیلی رژیم کی جانب سے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی اور جنوبی لبنان کے دیہاتوں کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں قابض اسرائیلی فوجیوں اور ان کے ساز و سامان و تنصیبات کے خلاف کئی دسیوں نئے آپریشن انجام دیئے ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں لبنانی اسلامی مزاحمت نے اعلان کیا کہ مزاحمتی مجاہدین نے آج صبح 9:45 پر البیاضۃ کے علاقے میں اسرائیلی فوج سے تعلق رکھنے والے D9 بلڈوزر کو ایک خودکش ڈرون کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اپنے ایک دوسرے بیان میں لبنانی مزاحمت نے اعلان کیا کہ آج صبح 11:50 پر مجاہدین نے الخیام شہر میں موجود اسرائیلی فوج کی گاڑیوں اور سپاہیوں کے ایک بڑے اجتماع کو توپخانے کے گولوں کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا۔
ادھر اسرائیلی چینل 15 نے بھی اعتراف کیا کہ حزب اللہ لبنان نے مقبوضہ علاقوں پر ایک بار پھر دھماکہ خیز ڈرون طیاروں کے ساتھ حملہ کیا ہے جس میں دسیوں اسرائیلی فوجی (صرف) "زخمی” ہوئے ہیں۔ اسلامی مزاحمت نے اعلان کیا کہ اس نے دیرسریان نامی قصبے کے مضافات میں بھی پہاڑی نالے کے قریب واقع پیشرفتہ ترین اسرائیلی ٹینک میرکاوا کو گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا ہے جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
