امریکہ کو ہماری فضائی حدود ایران کیخلاف استعمال کرنیکی اجازات نہیں، سعودی عرب
سعودی چینل العربیہ نے اعلی سرکاری اہلکار سے نقل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی مملکت نے "جارحانہ فوجی کارروائیوں میں حمایت کی خاطر اپنی فضائی حدود کے استعمال” کی اجازت نہیں دی۔ قبل ازیں مغربی میڈیا نے خبر دی تھی کہ سعودی عرب نے امریکہ کے لئے اپنی فضائی حدود کو دوبارہ سے کھول دیا ہے۔ سعودی سرکاری اہلکار نے العربیہ کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں، امریکہ کے لئے سعودی فضائی حدود کے دوبارہ کھولے جانے کے حوالے سے شائع ہونے والی تمام خبروں کی تردید کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ فریق مشکوک وجوہات کی بنا پر مملکت سعودی عرب کے موقف کی گمراہ کن تصویر پیش کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے ایک ایسی صورت میں اس خبر کی تردید کی ہے کہ جب گذشتہ شب ہی واشنگٹن نے جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر ایران کے جنوبی علاقوں کو حملوں کا نشانہ بنایا تھا جن میں بعض میزائل تنصیبات بھی شامل ہیں جبکہ دوسری جانب، آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے کم از کم 3 امریکی جنگی بحری بیڑوں کو ایرانی میزائلوں نے اپنا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ پلٹ جانے پر مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ لگتا ایسا ہے کہ ریاض، خود کو خطے میں وجود میں آنے والی کسی بھی نئی کشیدگی سے دور رکھنے اور خطے میں مزید امریکی مہم جوئی کو روکنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
