امریکہ اور پاکستان میں ٹاکرا آج ہوگا

pak-vs-usa-696x342.jpg

pak-vs-usa-696x342.jpg

پاکستان کرکٹ ٹیم آج شام ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں اپنا پہلا میچ میزبان ملک امریکہ کے خلاف کھیلے گی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ ڈیلاس کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے میچ کا آغاز ہوگا۔ڈیلاس میں جو ریاست ٹیکساس کا صحرائی علاقہ ہے موسم بے حد گرم اور تمام دن سورج نمودار رہے گا۔

اگرچہ دو روز قبل نیدرلینڈز اور نیپال کا میچ بارش سے متاثر رہا تھا لیکن آج مطلع صاف اور گرم موسم کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔پاکستانی ٹیم چار دن قبل ڈیلاس پہنچی تھی اور پہلے دو دن بارش کے باعث ٹریننگ نہیں کرسکی لیکن بدھ کو ٹیم نے جزوی طور پر بھرپور پریکٹس کی اور کسی حد تک اپنی ٹیم بھی منتخب کرلی ہے۔

ٹیم کے ذرائع کے مطابق کوچ گیری کرسٹن اور کپتان بابر اعظم نے وہی ٹیم کھلانے کا فیصلہ کیا ہے جو انگلینڈ کے خلاف آخری میچ اوول میں کھیلی تھی۔پاکستان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ عماد وسیم پسلیوں میں تکلیف کے باعث پہلے میچ میں دستیاب نہیں ہیں تاہم ٹیم فزیو نے امید ظاہر کی ہے کہ اتوار کے میچ سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ امریکہ کے خلاف کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

امریکہ کی ٹیم اگرچہ کمزور اور ناتجربہ کار ہے لیکن کینیڈا کے افتتاحی میچ میں جارحانہ بیٹنگ کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ایرون جونز کی دھواں دھار اننگز نے حریف ٹیموں کے کان کھڑے کر دیے ہیں۔ اگرچہ امریکہ کی ٹیم میں کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو پاکستانی بولنگ یا بیٹنگ کو متاثر کرسکے لیکن پاکستانی نژاد بولر علی خان اور نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کوری اینڈرسن خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے