◷

ایران جنگ کے اثرات

25 نومبر 2026


ایران جنگ کے اثرات، برطانیہ میں گھریلو توانائی کے بلوں میں 26 فیصد اضافے کا اعلان

آفجیم ہر تین ماہ بعد بجلی اور گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے صارفین سے وصول کی جانے والی قیمتوں کی حد مقرر کرتا ہے


مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی منڈی میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد برطانیہ میں لاکھوں گھرانوں کے بجلی اور گیس کے بلوں میں جنوری سے 26 فیصد اضافہ ہونے جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی توانائی ریگولیٹر آفجیم نے اعلان کیا ہے کہ جنوری سے توانائی کی قیمتوں کی حد میں 26 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ایک عام گھرانے کا سالانہ توانائی بل تقریباً 443 پاؤنڈ (580 ڈالر) بڑھ کر 2,166 پاؤنڈ تک پہنچ جائے گا۔

آفجیم ہر تین ماہ بعد بجلی اور گیس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے صارفین سے وصول کی جانے والی قیمتوں کی حد مقرر کرتا ہے۔

ادارے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تھوک مارکیٹ میں گیس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، جس کا براہِ راست اثر صارفین کے توانائی اخراجات پر پڑ رہا ہے۔

آفجیم کے ڈائریکٹر جنرل برائے مارکیٹس نیل کینورڈ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ توانائی کی لاگت میں اضافے کا سبب بن رہی ہے اور ادارہ سمجھتا ہے کہ موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ بلوں میں یہ اضافہ برطانوی گھرانوں کے لیے تشویش کا باعث ہوگا۔

قیمتوں میں اضافے سے برطانیہ کے لاکھوں صارفین متاثر ہوں گے، جنہیں سردیوں کے موسم میں بجلی اور گیس کے اخراجات کے لیے پہلے سے زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے