بحرین پر حکمفرما آل خلیفہ رژیم نے عرصہ دراز سے اپنے شہریوں خاص طور پر شیعہ مسلمانوں کے خلاف شدید ظالمانہ اور امتیازی سلوک اپنا رکھا ہے۔ حال ہی میں محض سیاسی وجوہات کی بنا پر بحرین کے معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سمیت دسیوں شیعہ علماء کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ آل خلیفہ رژیم کا یہ اقدام اس تناظر میں زیادہ اہمیت اختیار کر جاتا ہے جب ہم امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری ظالمانہ جنگ کو سامنے رکھتے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم نے گذشتہ تقریباً دو سالوں سے ایران کے خلاف بھرپور فوجی، اقتصادی اور سیاسی محاذ آرائی شروع کر رکھی ہے جبکہ خطے کی مسلمان عوام اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی بھرپور حمایت کرنے میں مصروف ہیں۔ ایران کی حمایت کا یہ سلسلہ بحرین میں بھی پایا جاتا ہے اور آل خلیفہ رژیم امریکہ اور اسرائیل سے بھرپور وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی ہی عوام کو ایران کی حمایت کرنے کی سزا دے رہی ہے۔ ان اقدامات اور پالیسیوں کے نتیجے میں آل خلیفہ رژیم عوامی مینڈیٹ کھو چکی ہے جس کے باعث اس کی مشروعیت بھی ختم ہو چکی ہے۔ دوسری طرف اس بات پر توجہ بھی ضروری ہے کہ آل خلیفہ رژیم خود بحرین کے شہری نہیں بلکہ ان کا تعلق اہلسنت کے اس مہاجر قبیلے سے ہے جو کویت میں بنی کعب قبیلے سے اختلافات جنم لینے کے بعد بحرین آ گئے تھے۔ بحرین پر آل خلیفہ رژیم کے قبضے کے بعد اس ملک پر ایک ایسی حکومت مسلط کر دی گئی جسے عوام کی کوئی حمایت حاصل نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آل خلیفہ رژیم اقتدار میں باقی رہنے کے لیے ہمیشہ سے باہر کی طاقتوں جیسے امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کا سہارا لیتی آئی ہے۔
آل خلیفہ رژیم نے بحرین کے تمام سیاسی اور اقتصادی مراکز پر قبضہ جما لینے کے بعد پورے ملک کو اپنی خاندانی وراثت میں تبدیل کر دیا ہے۔ آل خلیفہ خاندان سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو عمر بھر ماہانہ تنخواہ، ٹیکسوں کی مکمل معافی، مفت حکومتی سہولیات جیسے پانی، بجلی اور گیس وغیرہ نیز زراعتی زمینوں کے ساتھ ساتھ حکومتی عہدے فراہم ہونے جیسی مراعات حاصل ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے بھی آل خلیفہ رژیم کو ایک ڈکٹیٹر، ظالم اور ناجائز حکومت قرار دے رکھا ہے۔ ان تنظیموں کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹس میں آل خلیفہ رژیم کی جو خصوصیات بیان کی گئی ہیں ان میں حکومتی خاندان میں طاقت کا انحصار، سیاسی امور سے عوام کی مکمل بے دخلی، سیاسی مخالفین کے خلاف شدید اقدامات، اہل تشیع شہریوں سے امتیازی سلوک اور مخالفین کے خلاف قانون کا غلط استعمال شامل ہیں۔ 1971ء سے پہلے بحرین ایران کا ایک صوبہ تھا۔ پہلوی خاندان سے تعلق رکھنے والے رضا شاہ نے 1971ء میں اس تیل کے ذخائر سے مالامال اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرے کو برطانیہ کے کہنے پر آل خلیفہ رژیم کو تحفے میں دے دیا تھا۔ بحرین کے موجودہ فرمانروا حمد بن عیسی آل خلیفہ کے دور حکومت میں نام نہاد پارلیمنٹ تشکیل دے دی گئی تاکہ اپنے چہرے پر جمہوریت کا نقاب چڑھا سکے لیکن ساتھ ہی فرمانروا کو ایسے وسیع اختیارات سونپ دیے گئے کہ جمہوریت کی روح پرواز کر گئی۔
آل خلیفہ رژیم کی ایک اہم ترین خصوصیت سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کا کھلا استعمال ہے۔ فروری 2011ء میں جب عرب اسپرنگ کے تحت مختلف عرب ممالک میں عوامی تحریکوں نے جنم لیا تو بحرین میں بھی عوام اپنے جائز بنیادی حقوق کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ وہ حکومتی اور سیاسی امور میں عوام کی حصہ داری کا مطالبہ کر رہے تھے اور حکومت کا عوام کو جوابدہ ہونے پر زور دے رہے تھے۔ ایسے میں آل خلیفہ رژیم نے سعودی عرب کی حمایت سے احتجاج کرنے والے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا کھلا استعمال کیا اور بہت سی سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر دی۔ 2016ء میں الوفاق پارٹی اور 2017ء میں وعد پارٹی کو ختم کر دیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی رہنماوں کو بھی گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا۔ جیل میں سیاسی قیدیوں کو ٹارچر کرنا معمول کی بات بن گیا اور بڑی تعداد میں سیاسی قیدی ٹارچر تلے جان کھو بیٹھے۔ اس کے ساتھ ساتھ آل خلیفہ رژیم نے شیعہ مسلمانوں کو خاص طور پر انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ بحرین کی آبادی کی اکثریت شیعہ مسلمانوں پر مشتمل ہے لہذا آل خلیفہ رژیم انہیں اپنے ناجائز اقتدار کے لیے بڑا خطرہ تصور کرتی ہے۔ مذہبی آزادی کا شمار بنیادی ترین انسانی حقوق میں ہوتا ہے جبکہ آل خلیفہ رژیم نے اکثریت ہونے کے باوجود شیعہ مسلمانوں پر عزاداری کے لیے پابندی عائد کر رکھی ہے اور تمام امام بارگاہوں کو بند کر دیا ہے۔
آل خلیفہ رژیم کی جانب سے اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کے لیے یہ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ وہ ایران کے ایجنٹ ہیں جبکہ ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ شیعہ مسلمان ہیں۔ اگر وہ اپنے بنیادی ترین جائز حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں ایرانی ایجنٹ قرار دے کر ان کی آواز دبا دی جاتی ہے۔ عالمی سطح پر امریکہ اور اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم بھی آل خلیفہ رژیم کی حمایت کرتی ہے کیونکہ وہ بھی شیعہ مسلمانوں کو اپنا سب سے بڑا دشمن تصور کرتے ہیں۔ آل خلیفہ رژیم اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کے لیے ہر قسم کا اوچھا ہتھکنڈہ بروئے کار لاتی ہے جن میں جھوٹے مقدمات بنانا اور ٹارچر کرنا بھی شامل ہے۔ حتی سیاسی مخالفین کی شہریت بھی ختم کر دی جاتی ہے اور انہیں ملک بدر کر دیا جاتا ہے۔ بہت سے بحرینی شیعہ مسلمانوں کی شہریت صرف اس لیے ختم کر دی گئی کہ وہ عزاداری امام حسین علیہ السلام کے لیے نوحے اور مرثیے لکھتے اور بڑھتے تھے یا انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شعر لکھے یا پڑھے تھے۔ آل خلیفہ کے ان تمام انسان مخالف مجرمانہ اقدامات میں سعودی عرب پر حکمفرما آل سعود رژیم بھی برابر کی شریک ہے۔ 2011ء میں جب بحرینی عوام نے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی تو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے عوام کو کچلنے کے لیے باقاعدہ فورسز بحرین روانہ کر دیں۔ آل خلیفہ کی آمرانہ رژیم صرف بیرونی حمایت کے نتیجے میں برسراقتدار ہے اور اگر عوام کو انتخاب کا حق دیا جائے تو وہ ایک دن بھی اس حکومت کو برداشت نہیں کریں گے۔ سیاسی لحاظ سے بھی دیکھا جائے تو آل خلیفہ رژیم ایک ناجائز رژیم ہے کیونکہ اسے ذرہ برابر عوام مینڈیٹ اور حمایت حاصل نہیں ہے۔




