پاکستان میں اسٹوڈنٹس اور ٹیچر کے جاں بحق ہونے پر بقائی کی تعزیت
وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعرات 15 اکتوبر 2026 کی شام ایک پیغام میں پاکستان کے شہر پشاور میں ایک نجی اسکول کی چھت گرنے کے نتیجے میں دسیوں طلبہ اور ٹیچر کے جاں بحق ہونے پر لواحقین کوتعزیت پیش کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے پڑوسی اور برادر اسلامی ملک پاکستان کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خداوند عالم سے اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی اور سلامتی کی دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کی صبح پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ایک نجی اسکول کی چھت گر گئی۔ اس حادثے میں 34 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس سانحے میں ایک ٹیچر کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے جس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کے اسکول میں پیش آنے والے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی اہلکاروں حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں کی نگہداشت کے لیے فوری اقدامات کریں۔ انھوں نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ٹھوس تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔



