ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں بحری آمدو رفت کے عارضی معاہدے پر عملدرآمد کے قریب پہنچ گئے: وزارت خارجہ
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور عمان عارضی طور پر محفوظ بحری راستے پر ابتدائی مفاہمت کے بعد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی امن و امان کے ساتھ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسماعیل بقائی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس عارضی معاہدے کے چند پہلوؤں پر فی الوقت عمان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ عارضی مفاہمت کو اس اہم آبی گزرگاہ کی مجموعی حیثیت یا اسے مکمل طور پر کھولنے سے تعبیر نہ کیا جائے کیونکہ اس راستے کی طویل المدتی سکیورٹی اور انتظام کے لیے اب بھی ایک پائیدار طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکا کے ساتھ کشیدگی میں ممکنہ اضافے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی قسم کے دشمنانہ اقدامات اور جارحیت کا جواب دینے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو متحرک کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔



