این اے 251، ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے پشتونخوا نیپ کے خوشحال کاکڑ کو برتری

بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 شیرانی کم ژوب کم قلعہ سیف اللہ کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء خوشحال خان کاکڑ کو برتری مل گئی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق 22 پولنگ اسٹیشن میں ووٹوں کی ری کاؤنٹنگ میں خوشحال خان کاکڑ نے 4075 ووٹ لئے ہیں، جبکہ اس نشست سے فاتح قرار دیئے جانے والے جمعیت علمائے اسلام کے مولوی سمیع الدین نے 2652 ووٹ لئے ہیں۔ مذکورہ نتائج کے بعد پشتونخوا نیپ کے خوشحال خان کاکڑ کو ووٹوں کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال اس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔