فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن، پاکستانی قیادت کا مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل پر زور
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم مینر نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔صدرآصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینیوں کےناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی حمایت کے لیے پرعزم ہے، عالمی برادری فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنےکے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے، پاکستان تمام جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتاہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل تاریخ کے گھناؤنے ترین مظالم ڈھاتے ہوئے اب تک ہزاروں معصوم فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کا قتل عام کر چکا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں، ہسپتالوں، اسکولوں اور انفراسٹرکچر پر حملوں کو روکا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی پُر عزم طریقے سے حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل چاہتا ہے۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین عوام کوپاکستانی قوم کی مکمل سفارتی اورسیاسی حمایت حاصل ہے، مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئےاپنےبھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 181 کے تحت ہر سال 29 نومبر کو فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام کی حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔