اپنا حق لینا جانتے ہیں، اب کی بار کشتیاں جلا کر نکلیں گے، وزیراعلیٰ پختونخوا

2653614-aliamingandapor-1718625811-231-640x480.jpg

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لیے نکلیں گے تو کشتیاں جلا کر نکلیں گے اور ایسے میں نقصان ان عناصر کا ہوگا جو قوم کو غلام بنانا چاہتے ہیں لہٰذا بہتر ہے اس نقصان سے بچا جائے اور قوم کو بھی بچایا جائے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ہمارے قائد عمران خان کو جعلی کیسز میں سے جیل میں رکھا گیا ہے اور ان جعلی کیسز کو آہستہ آہستہ چلایا جا رہا ہے تاکہ انہیں لمبے عرصے تک جیل میں رکھا جا سکے، عمران خان کو لمبے عرصے تک جیل میں رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹ جائے لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جگانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے، عدلیہ سے اپیل ہے کہ ان جعلی کیسز کو جلد سے جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں فارم 47 والی حکومت عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھی ہوئی ہے، عوام کا مینڈیٹ چوری کروانے والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک کو چلانے کا آپ کا طریقہ کار درست نہیں۔ عمران خان کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ہٹا کر پی ڈی ایم کی ڈمی حکومت بٹھائی گئی، پی ڈی ایم کی حکومت نے اس وقت ملک کا جو حال کیا ہے وہ قوم کے سامنے ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کرکے آئین کو توڑا گیا، اس کے بعد ملک میں فسطائیت کا ایک دور شروع کیا گیا تاکہ تحریک انصاف کو ختم کیا جائے، وہ دور نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی تاریخ کا بدترین دور تھا۔ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ جو کچھ کیا گیا اس کا کسی کو معلوم نہیں تو یہ ایک بھول ہے، اس فسطائیت کا جو بھی حصہ رہا اس نے بتا دیا ہے کہ یہ سب کس کے دباو میں اور کس کے کہنے پر کیا گیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سب کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے اور اپنی اصلاح کرنی چاہیے لیکن اصلاح کے بجائے فسطائیت کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے، یہ جو مینڈیٹ چور حکومت مسلط کی گئی ہے یہ ایک نحوست ہے جنہوں نے اس حکومت کو مسلط کیا ہے ان پر بھی اس نحوست کے اثرات پڑ رہے ہیں۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے