پوتین: تہران ماسکو روابط دو جانبہ روابط رئیسی کے کامیاب اقدامات کی حفاظت کریں گے
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے سن پیٹرز برگ میں میڈیا ہاؤسز کے سربراہوں کے ساتھ نشست میں ارنا کے ایم ڈی علی نادری کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ شہید رئیسی نے تہران ماسکو روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کے دور صدارت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی ہم حفاظت کریں گے۔ سن پیٹرز برگ میں میڈیا ہاؤسز کے سربراہوں کے ساتھ روسی صدر کی خصوصی نشست میں ارنا کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی نادری نے کہا کہ ایرانی عوام صدر، وزیر خارجہ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر سوگوار ہیں۔ آپ نے اپنے پیغام تعزیت میں باہمی روابط کے فروغ کے لئے شہید رئیسی کی سیاست کا حوالہ دیا تھا۔ اس پالیسی کو رہبر انقلاب اسلامی کی حمایت بھی حاصل ہے۔ آپ نے اسی طرح دوجانبہ اور علاقائی روابط کے فروغ ميں شہید رئیسی کے کردار کو اسٹریٹیجک قرار دیا ہے۔
ارنا کے ایم ڈی علی نادری نے اس کے بعد روسی صدر پوتین سے سوال کیا کہ آپ کی حکومت نے ایران کے ساتھ روابط کی اسٹریٹیجک سطح بڑھانے کے لئے کیا اقدامات انجام دیئے ہیں اور تہران ماسکو روابط کا مستقبل آپ کی نگاہ میں کیسا ہے؟
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں باہمی تعاون بڑھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے صدر رئیسی سے بہت اچھے روابط تھے ۔ وہ قابل بھروسہ شریک اور ماہر سیاستداں تھے اور ان میں بزلہ سنجی بھی پائی جاتی تھی۔
صدر پوتین نے کہا کہ جناب رئیسی کے زمانے میں جو سمجھوتے ہوئے ہیں ان کو فروغ دے رہے ہیں اور باہمی روابط میں صحیح راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جناب رئیسی نے اس سلسلے میں بہت نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ ایران اس وقت بہت اچھی اور مستحکم پوزیشن میں ہے۔
سن پیٹرز برگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے اجلاس میں سماجی، ثقافتی اور ابلاغیاتی شعبوں کے پروگرام بھی شامل ہیں ۔
سن پیٹرزبرگ میں اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر بدھ کو روسی صدر کے ساتھ بین الاقوامی میڈیا ہاؤسز کے سربراہوں کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
ارنا کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی نادری بھی روسی صدر کی دعوت پر بین الاقوامی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے سن پیٹرز برگ گئے ہیں۔
