گوگل کا پاکستان میں 50 اسمارٹ اسکولز قائم کرنے کا اعلان
معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 اسمارٹ اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گوگل دارالحکومت اسلام آباد میں 50 اسمارٹ اسکول قائم کرنے اور مختلف پروجیکٹس بشمول اساتذہ کے لیے ورکشاپس، گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کی ٹریننگ اور 1 پبلک گوگل ریفرنس اسکول کے قیام کے لیے تیار ہے۔
گوگل فار ایجوکیشن ٹیم نے اپنے مقامی پارٹنر ٹیک ویلی کے ساتھ حال ہی میں پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے آنے والے منصوبے پیش کرنے کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکریٹری کے ساتھ ملاقات کی۔
اسلام آباد میں جو 50 اسمارٹ اسکول قائم کیے جائیں گے وہ 30 ہزار گوگل فار ایجوکیشن آئی ڈیز سے لیس ہوں گے جن میں پریکٹس سیٹس اور بہتر تعاون اور پیداواری صلاحیت کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے چلنے والا ڈیجیٹل ٹولز کا ایک مجموعہ شامل ہے۔