◷

ایران کاجدید میزائل سٹی

11 نومبر 2026

قالیباف: جدید میزائل سٹی، ایران کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے۔

 ایران کی مجلسِ شوریٰ اسلامی (پارلیمنٹ) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جدید میزائل سٹی ایران کی جانب سے اس کے دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بار جنگ کا جغرافیہ ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔

ایران کے جدید میزائل سٹی کی رونمائی کے بعد محمد باقر قالیباف نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کی جانب سے جدید میزائل سٹی کی رونمائی، ایران کی آزادی، سلامتی اور ارضی سالمیت کے دفاع کے لیے ایرانی قوم کے عزم کا مظہر ہے۔ آج جس چیز کی رونمائی کی گئی ہے، اس کے پیچھے سائنس دانوں اور انجینئروں کی کئی سالہ محنت، کمانڈروں کی دوراندیشی اور ان مجاہدین کی شبانہ روز جدوجہد شامل ہے، جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں بھی اپنا کام جاری رکھا اور ایک بڑے اور اہم منصوبے کو کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ان تمام عزیزوں اور اپنے مجاھد ساتھیوں، بالخصوص ان نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مقامی علم اور جہادی جذبے کے ساتھ اس کامیابی کے حصول میں کردار ادا کیا۔

اس موقع پر میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے شہداء، بالخصوص اپنے شہید بھائیوں حسن طہرانی مقدم، امیر علی حاجی زادہ اور محمود باقری سمیت اس فورس کے دیگر تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

میں اپنے مجاہد بھائی جنرل سید مجید موسوی کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مشکل ترین دنوں میں ایک بڑی ذمہ داری سنبھالی اور عوام کے دلوں کو خوش کرکے دشمن کی پسپائی کا سبب بنے۔ میں انہیں ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

قالیباف نے مزید کہا کہ ان مجاہدین کی کاوشوں کی اہمیت اس وقت مزید واضح ہوتی ہے جب ہم یہ جانتے ہیں کہ یہ سفر پابندیوں، دباؤ، فوجی و سیکورٹی دھمکیوں اور جنگ کی آگ کے درمیان طے کیا گیا ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا کہ محدود وسائل اور جنگی حالات میں بھی اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے جدید ترین اور پیچیدہ ٹیکنالوجیز میں ملک کی طاقت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ میزائل سٹی پائیدار دفاع اور ڈیٹیرنس کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایسی روک تھام جو دفاعی تیاری، مسلسل ترقی اور قومی یکجہتی کے ذریعے وجود میں آئی ہے۔

اس بڑی کامیابی کا ان دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے جو اب بھی ایرانی قوم سے فوجی دھمکیوں کی زبان میں بات کر رہے ہیں کہ وہ اپنے حساب کتاب میں غلطی نہ کریں۔ اگر انہوں نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو ایران فوری اور  تصور سے بڑھ کر جواب دینے میں کوئی تردد نہیں کرے گا۔ اس بار جنگ کا جغرافیہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔

مجلسِ شوریٰ اسلامی کے اسپیکر نے مزید کہا کہ شہید حسن طہرانی مقدم کی برسی اور یومِ فضائیہ کے موقع پر اس میزائل صلاحیت کی رونمائی نے یقیناً ایرانی عوام کے حوصلے بھی بلند کیے ہیں اور ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ایران کے سپوت دباؤ، دھمکیوں اور جنگی حالات کے باوجود اپنے عزیز وطن کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے سے غافل نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے