جارحیت اور ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے: یمن میں خونریز حملوں پر ایران کا ردعمل
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں یمن میں "بنیادی شہری ڈھانچے اور رہائشی علاقوں پر فضائی حملوں” کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے آج، اتوار 8 نومبر کو ایک بیان جاری کیا، جس میں "یمن کی قومی خودمختاری اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کی مذمت کے حوالے سے ایران کے اصولی موقف” کا اعادہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "یمن کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کے خلاف جارحیت، اور اس کے ساتھ ساتھ اس ملک کی معاشی اور فضائی ناکہ بندی، بین الاقوامی قوانین اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "اسلامی جمہوریہ کی وزارت خارجہ، خاص طور پر بنیادی شہری ڈھانچے اور غیر عسکری علاقوں پر ہونے والے فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں 4 نومبر کو صوبہ تعز کے ضلع ’الوازعیہ‘ کی ’الحضارہ‘ نامی عوامی منڈی پر کیے گئے فضائی حملہ نتیجے میں 13 معصوم بچوں سمیت 33 بے گناہ یمنی شہری شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ، صنعا گورنریٹ کے مشرق میں واقع ضلع ’بنی حشیش‘ کے گاؤں ’الشریعہ‘ پر کیے گئے فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 33 افراد شہید ہوئے۔ اسی طرح، یمن کے ’المسیرہ‘ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی میڈیا ٹیم کے ارکان کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ خبروں کی کوریج میں مصروف تھے۔
یہ حملے نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2، پیراگراف 4 کی صریح خلاف ورزی ہیں، بلکہ یہ بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ "اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازعہ، فریقین کے مابین طے پانے والے روڈ میپ کی بنیاد پر اور باہمی مذاکرات کے ذریعے، جلد از جلد ختم کیا جانا چاہیے۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فوجی حملے فوری طور پر بند کیے جائیں، ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کی جائے، اور یمنی عوام کے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کا احترام کیا جائے۔



