ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کو مدافعین ایران کے عزم و ارادے پر استوار قرار دیا ہے
ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل شہرام ایرانی نے سپاہ پاسداران کی بحری فورس کے دن کی مناسبت سے، سپاہ نیوی کے کمانڈرایڈمیرل علی عظمائی کے نام پیغام میں لکھا ہے کہ سمندر ایران عظیم کے لئے، طاقت وسلامتی کے تحفظ کی اہم ترین جلوہ گاہ ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ ” یہ وہ محاذ ہے کہ جس کی پاسداری ایسے جوانوں کی متقاضی ہے جن میں ایمان، دانش، شجاعت اور آمادگی پائی جاتی ہو اور وہ خطرات کے مواقع پرموجود رہیں۔
ایڈمیرل شہرام ایرانی نے سپاہ نیوی کے کمانڈر کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ سپاہ نیوی نے خلیج فارس کے نیلگوں سمندر میں اپنی مجاہدت کے دوران،اندرونی طاقت وتوانائی اور جہادی جذبے کے ساتھ، اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی مفادات اور آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کی تحفظ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔”
انھوں نے اپنے اس پیغام میں لکھا ہے کہ جنگ رمضان اور جنگ ہرمز میں اس فرض شناسی اور کردار کی اہمیت کئی کئی گنا بڑھ گئی جب دریا دل غازیان اسلام نے سفاک امریکی اور صیہونی دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں، پوری ہوشیار اور دلیری کے ساتھ ملک کی سرحدوں اور مفادات کا دفاع کیا اور ثابت کردیا کہ اس اسٹریٹیجک آبی علاقے کی سیکورٹی ایران اسلامی کے شجاع مدافعین کے عزم وارادے پر استوار ہے۔



