چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر ایران اور امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ‘اسلام آباد معاہدے’ کی طرف واپس آئیں۔
چینی ٹیلی ویژن کے حوالے سے گو جیاکون (Guo Jiakun) نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور امریکہ پرامن حل کی پاسداری کریں گے، ‘اسلام آباد مفاہمت’ کی طرف واپس آئیں گے اور جلد از جلد مذاکرات کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا: "ہم مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے حصول کے حوالے سے صدر شی جن پنگ کے پیش کردہ اقدامات اور نقطہ نظر کی روشنی میں خلیجِ فارس کے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔”
اس سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر شی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بیجنگ، تہران اور واشنگٹن کی ‘اسلام آباد معاہدے’ کی طرف واپسی کا خیرمقدم اور حمایت کرتا ہے۔
گزشتہ بدھ کو، امریکہ کی جانب سے ایرانی مسافر طیاروں کی لینڈنگ سے متعلق پابندیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا "ہم یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں جن کی بین الاقوامی قانون میں کوئی بنیاد نہیں ہے اور جنہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے منظوری حاصل نہیں ہے۔



