ایران پاکستان ٹیکنالوجی تعاون کی ضرورت
ایران اور پاکستان کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کی ضرورت پر زور
تہران میں پاکستان کے سفیر اور شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سربراہ نے سائنس وٹیکنالوجی میں تعاون پر زور دیا ہے
تہران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے آج ایران کی شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔
انھوں نے اس دورے میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور اس کی تعلیمی پیشرفت اورتحقیقات کا جائزہ لیا۔
تہران میں پاکستان کے سفیر نے اپنے اس دورے میں ایک علمی نشست میں بھی حصہ لیا جس میں، شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سربراہ، مسعود تجریشی، شعبہ ریسرچ اور ٹیکنالوجی کے سربراہ، محمد رضا موحدی،یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر حامد صادقی اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین بھی موجود تھے۔
اس نشست میں،شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور پاکستان کی یونیورسٹیوں اور سائنسی تحقیقات کے مراکز کے درمیان جاری،سائنسی وتحقیقاتی تعاون کی رپورٹ پیش کی گئی اور شریف یونیورسٹی کی علمی اور سائنسی سرگرمیوں، گنجائشوں اور توانائیوں نیز ایران اور پاکستان کے درمیان، مصنوعی ذہانت، توانائی، پانی اور ماحول حیات کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
اس نشست میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سربراہ مسعود تجریشی نے ایران اور پاکستان کے تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے، دونوں ملکوں کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
تہران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان، سائنسی تعاون کی توسیع، معاہدوں پر عمل درآمد اورسائنس و ٹیکنالوجی میں ایک دوسرے کی پیشرفت سے استفاد میں حائل رکاوٹیں دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔