شہدائے لامردومیناب کے لواحقین کو انصاف دلانے کے درپے ہیں: بقائی
بقائی: ہماری توجہ قومی سلامتی و مفادات اور شہدائے لامردومیناب کے لواحقین کو انصاف دلانے پر مرکوز ہے
ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے دفاع اور استقامت کو ایرانی عوام کی زندگی کا جزو لا ینفک قرار دیا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے شہدائے لامرد کی شہادت گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آج ہم لامرد کے باشرف عوام کے غم واندوہ کے راوی اور ان کے غم واندوہ میں شریک ہیں۔
انھوں نے ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو دعوت دینے اور یہ سہولت فراہم کرنے پر کہ وہ اس شہر کے کوچہ وبازار میں گھومیں اور وحشیانہ امریکی حملے کے آثار اپنی آنکھوں سے دیکھیں، صوبہ فارس اور لامرد کے حکام کا شکریہ ادا کیا ۔
ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے امریکی جرائم کی وسعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 28 فروری کو امریکا کے وحشیانہ حملے میں شہر لامرد کے چار مقامات پر 21 بے گناہ شہری شہید اور 180 زخمی ہوئے جو اب بھی زیر علاج ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ امریکا کا یہ حملہ کھلا جنگی جرم ہے۔
انھوں نے بتایا کہ تحقیقات سے ثابت ہوچکا ہے کہ اس حملے میں ممنوعہ اسلحے،کلسٹر میزائل استعمال کئے گئے اور ہر میزائل 1 لاکھ 80 ہزار ٹکڑوں میں تقسیم ہوکر غیر فوجی اور رہائشی مقامات پر لگے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ 30 ہزار کی آبادی کے شہر لامرد پر 35 سیکنڈ میں 4 میزائل گرے اور پورا شہرداغدار اور سوگوار ہوگیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم عدالتی چارہ جوئی کریں گے اور امریکا کے اس وحشیانہ جنگی جرم کی بھینٹ چڑھنے والوں، شہدائے لامرد کے لواحقین اور عوام کو انصاف دلانے کی مہم میں عالمی برادری کو اپنے ساتھ ملانے کے لئے، جب بھی اور جہاں بھی موقع ملے گا، اس وحشیانہ حملے کے وسیع پہلووں کو بیان کریں گے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس وحشیانہ جنگی جرم کا ارتکاب کرنے والے اور یہ ممنوعہ اسلحہ بنانے والے دنیا میں کہیں بھی چین سے نہیں رہ پائيں گے۔