کہیں بھی کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں: ایرانی کمانڈر
ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے خبردار کیا ہے کہ مسلح افواج ضرورت پڑنے پر دشمن کو کہیں بھی مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق شہرام ایرانی نے کہا کہ دشمن ایرانی مسلح افواج کی آپریشنل کارروائیوں سے شدید پریشان ہے جبکہ ایرانی بحریہ کی کارروائیوں نے بعض دشمن جنگی جہازوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو بھی متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا بنیادی مشن دشمن کو اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روکنا ہے اور دشمن کی نقل و حرکت پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے۔
شہرام ایرانی نے مسلح افواج کو مستقبل کی ممکنہ جنگ کے لیے تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ایرانی مسلح افواج کی آپریشنل صلاحیتوں میں ہونے والی پیش رفت سے انتہائی پریشان ہے اور ضرورت پڑنے پر ہم اسے کہیں بھی مفلوج کر سکتے ہیں۔