حزب اللہ کے ڈرون ایف 35 سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، اسرائیلی حکام
مقبوضہ علاقوں کے شمال میں واقع صہیونی بستی متولا کی مقامی کونسل کے سربراہ ڈیوڈ ازولے (David Azoulay) نے لبنانی مزاحمتی محاذ کے ڈرون طیاروں کو امریکی لڑاکا طیارے F-35 کے برابر قرار دیا ہے۔ اسرائیلی چینل 13 کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ ازلے نے حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں کی گہری تاثیر اور بھیانک میدانی اثرات کا ذکر کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے ڈرون، اُن کے F-35 لڑاکا طیارے ہیں۔ دوسری جانب سدیروت کے میئر ایلون ڈیوڈی نے بھی اعلان کیا ہے کہ میں نہیں جانتا کہ اگر غزہ کی جانب سے بھی بموں سے لدے ہوئے ایک ہزار ڈرون طیارے ہم پر برسا دیئے جائیں تو ہمارا کیا بنے گا۔
اس بارے غاصب صیہونی آبادکاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی رژیم کے خلاف مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر ڈرون حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے حزب اللہ لبنان نے آج صبح سے 26 آپریشن انجام دیئے ہیں کہ جو جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے ایک روز میں انجام پانے والے آپریشنز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ قابض اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بھی اطلاع دی ہے کہ 2 واقعات کہ جو جمعے کی صبح مقبوضہ علاقوں کے شمال میں "بارود سے لدے ڈرون طیاروں” کے حملات کے نتیجے میں پیش آئے، میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ قابض فوج کے ریڈیو نے یہ اطلاع بھی دی کہ بارودی مواد سے لدے ڈرون طیاروں کے براہ راست آ ٹکرانے کے بعد سرحد کے قریب راؑس الناقورہ کے مقام پر بھی 2 اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوئے تھے۔
