صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ، پاکستان سمیت متعدد ممالک کی مذمت
پاکستان، انڈونیشیا، ترکی، اسپین اور جنوبی افریقہ سمیت 13 ممالک کے اتحاد نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے، قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے عالمی امدادی فلوٹیلا صمود کے ساتھ منسلک بحری جہازوں کو قبضے میں لئے جانے اور ان بحری جہازوں میں سوار عالمی امدادی کارکنوں کے اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔ ان 13 ممالک کے وزرائے خارجہ کا اپنے مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہ وہ اس بحری بیڑے کہ جو ایک "انسانی اور پرامن اقدام” تھا اور جس کا مقصد غزہ میں "انسانی تباہی” کی جانب توجہ مبذول کروانا تھا، پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے 30 اپریل کے روز اسرائیل کی جانب سے اس بحری بیڑے پر حملے اور اس دوران یونان کے ساحل سے دور بین الاقوامی پانیوں میں امدادی کارکنوں کے اغوا کو بین الاقوامی قانون اور سمندری کنونشنز کی ” صریح خلاف ورزی” بھی قرار دیا۔ اپنے مشترکہ بیان میں پاکستان، ترکی، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، موریطانیہ، جنوبی افریقہ اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری، شہریوں کے تحفظ نیز ان خلاف ورزیوں و بدسلوکیوں پر اسرائیلی رژیم کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔
