شہریوں کی حفاظت اور معاشی ترقی کیلئے وسائل بروئے کار لائے جائیں، جعفر مندوخیل
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے ژوب کی ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ضلع میں پائیدار امن کا قیام، جرائم کی روک تھام، عام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ عوام دوست اقدامات اٹھانے کے نتیجے میں لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ قومی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہو جائیں گے اور مجموعی طور پر اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں آج ژوب کے ایک روزہ مختصر دورے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استعداد کار میں اضافہ کرنا اور جرائم کی روک تھام اور عوام دوست حکمت عملیوں کو نافذ کرنا اشد ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ضلع ژوب کے عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کاؤشیں واقعی قابل تحسین ہیں، تاہم گوڈ گورننس کے تمام پہلوؤں میں شفافیت اور جوابدہی کو برقرار رکھنے کی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ سپرد کردہ وسائل کو عوام کی بہتری کیلئے موثر طریقے سے بروئے کار لائیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمیں صوبے کی حقیقی ترقی و خوشحالی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دینی ہوگی۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ضلع ژوب کے ہر شہری کو معیاری تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہو۔ اس میں سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کو تربیت اور وسائل فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
