جماعت اسلامی نے حکمرانوں سے اخراجات کم کرنے کا مطالبہ کردیا
جماعت اسلامی نے حکمرانوں سے اخراجات کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے اخراجات گھٹا کر سیلاب متاثرین کو ریلیف پیکیج دیں۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ پنجاب کا سارا دیہاتی حصہ سیلاب کی زد میں ہے، اب تک چالیس لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں، چار ہزار کے قریب دیہات متاثر ہوئے ہیں، دریاؤں کے رستوں پر قبضہ مافیا نے سوسائٹیز بنائیں جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، ستلج میں ہر سال سیلاب آتا ہے، لیکن بند کو مضبوط کرنے کیلئے حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز اشتہاری مہم پر خرچ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کریں، حکومت کو سیلاب زدہ علاقوں کے چھ ماہ کے بجلی کے بل معاف کر دینے چاہیئے، حکومت فوری طور پر ریلیف پیکج کا اعلان کرے۔ جاوید قصوری نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں جو بچے زیرتعلیم ہیں ان کی فیس معاف کی جائے، سیلاب سے جن بچیوں کا جہیز تباہ ہوا ہے، انہیں تین لاکھ روپے فی بچی دیئے جائیں، سیلاب متاثرین کو دو بنیادی تنخواہیں سیلاب پیکج کے تحت دی جائیں۔ صدر الخدمت فاونڈیشن سنٹرل پنجاب اکرام الحق سبحانی کا کہنا تھا کہ الخدمت مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے رہی ہے، چھ ہزار رضاکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، سترہ مقامات پر ٹینٹ خیمہ بستیاں موجود ہیں، جہاں متاثرین کو تیار کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 ہزار راشن پیکج تقسیم کیا جا چکا ہے، سیلاب میں صاف پانی کے ذرائع متاثر ہوئے ہیں، ہم تین لاکھ بوتلیں تقسیم کر چکے ہیں، جبکہ چھ سات فلٹریشن آر او فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیرہ موبائل ہیلتھ یونٹ اس وقت کام کر رہے ہیں، جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کیساتھ ہے۔
