پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کو تجاوزات کا نوٹس بھیجنے پر سی ڈی اے سے جواب طلب
اسلام آباد: پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کا تجاوزات کا نوٹس بھیجنے پر عدالت نے سی ڈی اے سے جواب طلب کرلیا۔
کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو تجاوزات اور قواعد کی خلاف ورزی کے نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سی ڈی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حکومت سی ڈی اے کو پی ٹی آئی کیخلاف بطور آلہ استعمال کر رہی ہے۔ 28 جون کو سی ڈی اے کی جانب سے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کو نوٹس کیا گیا۔
بعد ازاں عدالت نے سی ڈی اے کو نوٹس کے ذریعے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔