صیہونی حکومت کے بجلی گھر پر عراقی مجاہدین کا ڈرون حملہ
عراق کے اسلامی استقامتی گروہ نے بدھ کی صبح غاصب صیہونی حکومت کے ایک بجلی گھر پر حملہ کیا ہے
زرائع نے عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے وار میڈیا کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے قیساریہ علاقے میں رابین بجلی گھر پر یہ حملہ ڈرون طیارے کے ذریعے کیا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب اس بجلی گھر پر عراقی مجاہدین نے ڈرون حملہ کیا ہے ۔ عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے مجاہدین نے گزشتہ 8 جون کو بھی صیہونی حکومت کے رابن بجلی گھر پر ڈرون حملہ کیا تھا۔
عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے مجاہدین نے منگل کی شام بھی غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی تازہ وحشیانہ جارحیت کے جواب میں مقبوضہ فلسطین کے علاقے ام الرشراش میں واقع غاصب صیہونی حکومت کے ایک اہم مرکز پر حملہ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے مجاہدین نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے بعد سے ہی مظلوم فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں صیہونی اہداف پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا تھا جو اب تک جاری ہے۔
عراق کی اسلامی استقامتی تحریک کے مجاہدین مظلوم فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت میں، یمنی افواج کے ساتھ مل کر متعدد مشترکہ کارروائیاں بھی انجام دے چکے ہیں۔