حکومت خیبرپختونخوا نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظور دے دی
حکومت خیبرپختونخوا نے 9 مئی سے متعلق واقعات کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظور دے دی۔نمائندہ بصیر میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیصلہ خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔خیبر پختونخوا کابینہ کے فیصلے کے مطابق جوڈیشل کمیشن 9 مئی کے واقعات کی مکمل تحقیقات کرے گا۔
صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق تحقیقات کے بعد مداملہ جوڈیشل کمیشن 9 مئی 2023 کے واقعات میں ملوث تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی میں ملوث 1900 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔