حزب اللہ نے مزید صیہونی چھاونیوں پر حملے کئے
حزب اللہ لبنان نے متعدد حملوں میں صیہونی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
منگل کے روز حزب اللہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ غزہ کے عوام اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت جاری رکھتے ہوئے نیز بقاع پرصیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں متعدد خودکش ڈرونز کے ذریعے صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ہے۔
ان حملوں میں "ناحل غیرشوم” کے علاقے میں صیہونی فوج کی 91ویں بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس ڈرون حملے میں صیہونی فوجیوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور متعدد صیہونی فوجی زخمی ہوئے اور ان کے ہیڈ کوارٹر میں آگ لگ گئ۔
حزب اللہ لبنان نے ایک دوسرے بیان میں بتایا ہے کہ ہمارے مجاہدوں نے دوپہر تین بج کر دس منٹ پر "بیاض بلیدہ” کے صہیونی اڈے کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔
لبنان کی اسلامی مزاحمت نے اسی طرح صہیونی اڈے "برکہ ریشہ” پر حملے کی اطلاع دی ہے۔
غزہ پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے غاصب صیہونی فوج کے خلاف الاقصیٰ طوفان آپریشن کے آغاز کے بعد سے لبنان کی اسلامی مزاحمت نے بھی مقبوضہ فلسطین کے شمال میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا تھا جس کا مقصد غاصب صیہونی فوج کے ایک حصے کو اس علاقے میں مصروف رکھنا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے لبنان کے اسلامی مزاحمتی مجاہدوں کی طرف سے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں کی جانے والی کارروائيوں کے اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ کی کارروائیوں سے اس علاقے میں واقع صیہونی بستیاں پوری طرح سے خالی ہو گئ ہیں۔
صیہونی حکومت کے عسکری ماہرین کے مطابق لبنان کے حزب اللہ نے اکیلے ہی اس حکومت کی فوج کی نصف طاقت کو شمالی محاذ میں مصروف کر دیا ہے اور جس سے جنوبی محاذ پر صیہونی فوج پوری طاقت سے موجود نہيں رہ پا رہی ہے