شندور پولو فیسٹیول ملتوی ہونے پر گلگت بلتستان حکومت کا اظہارِ ناراضی
پشاور: گلگت بلتستان حکومت نے شندور فیسٹیول ملتوی ہونے پر ڈپٹی کمشنر چترال اپر کو ناراضی پر مبنی خط ارسال کیا ہے۔
شندور پولو فیسٹیول ملتوی کرنے پر گلگت بلتستان حکومت نے شدید نارضی کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلے کو یکطرفہ قرار دیا اور کہا کہ اس فیصلے نے ہزاروں پرجوش تماشائیوں اور شرکا کے ذہنوں میں بے چینی اور مایوسی پیدا کردی ہے۔
گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے کہ یہ تقریب ہمارے ثقافتی ورثے کا سنگ بنیاد اور ہمارے اضلاع کی دوستی اور تعاون کی علامت ہے۔ یہ تقریب ہمارے اضلاع غذر اور اپر چترال اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مشترکہ کوشش ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے موسم کی خرابی کی باعث شندور میلہ ملتوی کردیا ہے، جس پر گلگت بلتستان حکومت نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے فیصلے باہمی مشاورت اور مشترکہ دستخطوں سے کیے جانے کا رواج ہے۔ محکمہ سیاحت، خیبرپختونخوا کے یکطرفہ فیصلے نے عوام میں بے چینی اور مایوسی پیدا کی ہے اور ہم ضلع غذر کے لوگوں کی طرف سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔